Wednesday, April 23, 2025
Homeٹرینڈنگکمل ہاسن کا گرفتاری کے خلاف انتباہ

کمل ہاسن کا گرفتاری کے خلاف انتباہ

- Advertisement -
- Advertisement -

چینائی۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے اور مکل نیدھی مییم (ایم این ایم) کے بانی کمل ہاسن نے جو حال ہی میں آزاد ہندوستان کے پہلے ہندو دہشت گرد سے متعلق بیان پر سرخیوں میں ہیں، انتباہ دیا کہ اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو کشیدگی بڑھے گی۔ ضلع کرور کے ارواکریچی اسمبلی حلقہ سے آمد پر ایر پورٹ میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کمل ہاسن نے کہا کہ انہیں گرفتار نہ کیا جائے ، اسی میں بہتری ہے ۔اس دوران، ایر پورٹ کے باہر موجود چند شر پسندوں نے ان پر پتھر اور چپل پھینکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گرفتاری کا خوف نہیں ہے ، لیکن اگر انہیں گرفتار کیا گیا تو کشیدگی بڑھے گی۔ اس لئے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ مجھے گرفتار نہ کیا جائے ۔ واضح کیا کہ یہ میری درخواست نہیں ، بلکہ میرا مشورہ ہے ۔ مزید کہا کہ آزاد ہندوستان کے پہلے ہندو دہشت گرد سے متعلق ان کے بیان پر چند مخصوص لوگوں کی طرف سے تنازعہ پیدا کیا گیا ہے ۔
کمل ہاسن نے کہا کہ انہوں نے چینائی میں بھی انتخابی مہم کے دوران اسی طرح کا تبصرہ کیا تھا، لیکن کسی نے اس پر توجہ نہیں دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو کہا اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندو انتہا پسندی کے مسئلے پر گفتگو کی جارہی ہے ، بلکہ یہ برسوں سے بحث کا موضوع رہا ہے ۔ یہ ہوسکتا ہے کہ یہ تنازعہ اب کھڑا کیا جارہا ہے ، کیونکہ تب انہیں اپنی جیت کا اطمینان تھا، لیکن اب انہیں پتہ چل گیا ہے کہ وہ انتخابات ہار رہے ہیں، اسی لئے وہ کسی بھی مسئلے پر تنازعہ کھڑا کررہے ہیں۔

ان کے تبصرے پر اب ان لوگوں کی طرف سے ہنگامہ کیا جارہا ہے ، جن کی جیت کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے اور ان کے خلاف تشدد کے واقعات سیاسی شہ پر ہورہے ہیں۔ میں آپ کو یہ بتا دوں کہ تمام مذاہب میں دہشت گرد ہیں، ہر مذہب کے اپنے دہشت گرد ہوتے ہیں، ہم یہ دعوی نہیں کرسکتے ہیں کہ پاک صاف ہیں اور ہم نے ایسی کوئی دہشت گردی نہیں کی ہے ۔ تاریخ میں آپ کو نظر آئے گا کہ ہر مذہب میں دہشت گرد رہے ہیں۔