نئی دہلی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پانچ سال کے دور اقتدار میں پہلی پریس کانفرنس کی لیکن اس پریس کانفرنس میں انہوں نے میڈیاں نمائندوں کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔
اس پریس کانفرنس کا پچھلے پانچ برس سے ہر صحافی کو کافی انتظار تھا۔ وہ ملک کے وزیر اعظم سے براہ راست سوال پوچھنا چاہتے تھے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مئی 2014 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب تک کوئی پریس کانفرنس نہیں کی تھی۔ تاہم انہیں آج اس وقت بہت مایوسی ہوئی جب وزیر اعظم نے براہ راست پوچھے گئے ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا اور اپنے ساتھ پریس کانفرنس میں بیٹھے بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ہمارے لیے پارٹی صدر ہی سب کچھ ہوتے ہیں ۔
بی جے پی کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد اس رسمی پریس کانفرنس میں وزیر اعظم نے صرف بیان دینے پر اکتفا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرنے آئے ہیں اور میڈیا کے ذریعے سے اہل وطن کا بھی۔ اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ عام انتخابات میں بی جے پی کو مکمل اکثریت حاصل ہو گی، مجھے یقین ہے کہ مکمل اکثریت والی حکومت پانچ سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد دوبارہ جیت کر اقتدار میں آ رہی ہے اور طویل عرصے کے بعد ایسا ہوگا۔ ملک کے عوام کو 2014 کے بعد 2019 میں پھر سے موقع ملا ہے۔ عوام نے حکومت بنانا طے کرلیا ہے۔ ملک کو آگے لے جانے کے لیے کیا کرنا ہے۔ جلد سے جلد نئی حکومت اپنا کام شروع کر دے گی۔
وزیر اعظم مودی کی اس پریس کانفرنس پر سوشل میڈیا میں دلچسپ تبصرے ہو رہے ہیں۔ لوگ اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ ہرماہ ریڈیو پرمن کی بات کرنے والے اور بڑے بڑے عوامی جلسوں کو اپنی تقریروں سے مسحور کر دینے والے نریندر مودی نے میڈیا نمائندوں کے ایک بھی سوال کا جواب کیوں نہیں دیا۔
اس پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نیا طوفان برپا ہوا اور سب نے اس کانفرنس پر شدید تنقید کی ۔کسی نے کہا کہ مودی نے امید دلاکر ہندوستان کو طویل انتظار کروایا لیکن اپنے وعدے کبھی پورے نہیں کئے۔کسی نے کہا کہ امیت شاہ کی پریس کانفرنس میں مودی نے شرکت کی۔کسی نے کہا 5 برسوں میں 17 منٹ کی پریس کانفرنس لیکن کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ جب کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پر بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے کہا کہ مودی جی مبارک ہو!شاندار پریس کانفرنس،آگلی مرتبہ امیت شاہ آپ کو چند سوالات کے جوابات کا موقع دیں گے،بہت خوب۔۔۔۔