رانچی۔ اپنے وقت کے مشہور چارہ گھوٹالے کے ایک مقدمہ میں جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں واقع مرکزی جانچ بیورو ( سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے آج 16 قصورواروں میں سے 11کو فی کس تین سال اور پانچ کو فی کس چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔
خصوصی جج ایس این مشرا کی عدالت نے چائباسا ٹریزری سے 37.70 کروڑ روپے کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں آرسی 20 اے 96 میں 16 قصور واروںکو یہ سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اس سے قبل 15 مئی 2019 کو سماعت پوری کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔
اس معاملے میں عدالت نے امیش دوبے، مہندر کندن، بسنت سنہا، کشور جھا اور رام اوتار شرما کو فی کس چار سال جبکہ بھارتیشور نارائن، اپرنیتا کنڈو، راجندرکمارہرت، آدت جودار، لول موہن گوپ، ومل کمار اگروال، شاہ دیو پرساد، برج کشور اگروال، مدھو، سنجیو کمار واسو دیو اور انیل کمار کو فی کس تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان قصور واروں پر زیادہ سے زیادہ سات لاکھ روپے اورکم سے کم پچیس ہزار روپے تک کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت اس معاملے میں راشٹریہ جنتادل صدر لالو پرساد اور بہار کے سابق چیف منسٹر جگن ناتھ مشرا سمیت 46 ملزمین کے خلاف سی بی آئی نے عدالت میں بعد میں چارج شیٹ داخل کی تھی اس لئے ان ملزمین کے خلاف معاملے کی سماعت دیگر ملزمین سے الگ بعد میں شروع ہو ئی ہے۔