Thursday, April 24, 2025
Homeبین الاقوامیدہشت گردی کی آڑ میں بے قصور عوام کا قتل،امریکی اتحادی فوج...

دہشت گردی کی آڑ میں بے قصور عوام کا قتل،امریکی اتحادی فوج کا اعتراف

- Advertisement -
- Advertisement -

بیروت۔ دہشت گردی کے خاتمہ کی آڑ میں معصوم عوام کو موت کی نیند سلانے کی ہر گوشہ سے سخت مذمت کی جاتی رہی ہے اور فوج پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے لیکن اب خود امریکی اتحادی فورسز نے تسلیم کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف گذشتہ 5 سال کے عرصے میں عراق اور شام میں کی جانے والی فضائی کارروائیوں میں غیرارادی طور پر 1300 سے زائد شہری بھی ہلاک ہوئے اور اتحادی فوج نے غیر ارادی طورپر کا لفظ استعمال کرتے ہوئے اپنا دامن بچانے کی کوشش کی ہے لیکن یہ قابل قبول نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتحادی فورسز نے کہا گیا کہ امریکی اتحادی فورسز نے اگست 2014 تا اپریل 2019 کے درمیانی عرصے میں 34 ہزار 502 فضائی حملے کئے ہیں۔اس عرصے میں امریکی اتحادی فورسز سے غیر ارادی طور پر تقریباً 1302 شہری جاں بحق ہوئے۔اس حوالے سے کہا گیا کہ مزید ایک سو سے زائد شہریوں کی ہلاکت سے متعلق شواہد سامنے آسکتے ہیں۔ دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل (اے آئی) نے امریکی اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں شہریوں کی ہلاکت سے متعلق پیش کردہ اعداد وشمار کو مشتبہ قراردیا۔

انسانی حقوق کے عالمی ادارے اے آئی نے کہا کہ فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد امریکی دعوے سے کہیں زیادہ ہیں۔ لندن میں فعال تنظیم ڈونٹیلا رورا کے مطابق عراق اور شام میں امریکی اتحادی فورسز کے فضائی حملوں میں انسانی جانوں کا ناقابل یقین نقصان ہوا جس کا اعتراف نہیں کیا جارہا۔ ادارے کے بموجب امریکی اتحادی فورسز نے شہریوں کی ہلاکت کا اقرار کیا لیکن شہریوں کی موت کی وجوہات پر بات نہیں کی۔

ادارے کے مطابق جب تک اس امر کی وضاحت نہیں کی جائے گی کہ عسکری کارروائیوں کے دوران ایسا کیا ہوا جو شہریوں کی ہلاکت کا باعث بنا، تب تک درست سمت اختیار نہیں کی جا سکتی۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ ایمنسٹی اور فضائی حملوں کے نگراں ادارے ایروار نے انکشاف کیا تھا کہ شام کے شہر رقہ میں گزشتہ 4 ماہ کے دران امریکی اتحادی فورسز کے حملوں میں تقریباً 16 سو شہری لقمہ اجل بنے۔

غیر سرکاری ادارے ایروار کے مطابق امریکی اتحادی فورسز کے حملوں میں مجموعی طور پر تقریباً 7 ہزار 900 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ لندن میں فعال سیرن آبزویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق صرف شام میں اتحادی فوجیوں کے فضائی حملوں میں 3 ہزار 800 شہری جاں بحق ہوئے۔