Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگمیری لڑائی اب اور جارحانہ ہوگی

میری لڑائی اب اور جارحانہ ہوگی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ کانگریس کے صدارتی عہدہ سے استعفیٰ دینے کے ایک دن بعد پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے گزشتہ پانچ سال کے مقابلے میں 10 گنا زیادہ طاقت سے لڑنے کے عزائم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ غریبوں اورکسانوں کے ساتھ ہوں۔ مستقبل میں جارحانہ رخ اختیار کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ میری لڑائی جاری رہے گی۔ میں اپنی گزشتہ پانچ سال میں کی گئی لڑائی سے دس گنا زیادہ طاقت سے لڑوں گا۔

صدر عہدہ سے استعفیٰ دینے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ جو کہنا چاہتے تھے کل چہارشنبہ کو جاری کیے گئے اپنے مکتوب میں لکھ دیا ہے۔غور طلب ہے کہ راہول گاندھی نے گزشتہ روز استعفیٰ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کو دوبارہ مضبوط کرنے کے لیے سخت فیصلے لینے ہوں گے اور کئی لوگوں کو 2019 کی ناکامی کے لیے جوابدہ ہونا ہوگا۔ اس ناکامی کے لیے صرف دوسروں کو ذمہ دار ٹھہرانا اور صدر کے ناطے اپنی ذمہ داری قبول نہ کرنا درست نہیں ہوگا۔

 راہول گاندھی نے کارکنان کو لکھے گئے مکتوب میں کہا تھا کہ میری لڑائی کبھی بھی ایک عام سیاسی اقتدار حاصل کرنے کی نہیں رہی۔ مجھے بی جے پی سے کوئی نفرت یا غصہ نہیں ہے لیکن ہندوستان سے متعلق ان کے نظریہ کا میں سخت مخالف ہوں۔ میری مخالفت اس لئے ہے کیونکہ ہندوستان کے متعلق ان کا نظریہ اور میرے نظریہ میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ یہ کوئی نئی لڑائی نہیں ہے بلکہ ہزاروں سال سے ہماری زمین پر لڑی جا رہی ہے۔ انھیں اس میں اختلاف اور تفریق نظر آتا ہے، مجھے اس میں عدم مساوات نظر آتی ہے۔

جہاں انھیں نفرت نظر آتی ہے، مجھے محبت دکھائی دیتی ہے۔دوسری طرف کانگریس صدر عہدہ سے راہول گاندھی کے استعفیٰ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری اور ان کی بہن پرینکا گاندھی نے کہا کہ کچھ ہی لوگوں میں اس طرح کا فیصلہ لینے کی ہمت ہوتی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ میں آپ کے فیصلے کی عزت کرتی ہوں۔