Sunday, June 8, 2025
Homeٹرینڈنگپرینکا گاندھی کی 22 سال قدیم ساڑی میں تصویر، سوشل میڈیا پر...

پرینکا گاندھی کی 22 سال قدیم ساڑی میں تصویر، سوشل میڈیا پر مقبول

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی ۔ سوشل میڈیا پر پیر کی صبح سے ہی ساڑی کا ٹرینڈ کافی شہرت حاصل کر رہا ہے اورتین دن گزرجانے کے بعد بھی کئی مشہور و معروف خاتون فلمی و سیاسی ہستیوں نے اس ٹوئٹر ٹرینڈ کے تحت اپنی تصویریں شائع کیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی اس ٹرینڈ کے تحت ساڑی زیب تن کی ہوئی اپنی ایک دلکش تصویر شائع کی اور کہا کہ یہ 22 سال قدیم تصویر ہے۔

فلمی ہستیاں اکثر ٹوئٹر ٹرینڈ میں شامل ہوتی رہی ہیں اور اس مرتبہ بھی اداکارہ گل پناگ، رینوکا شہانے، دوّیا دتہ اور یامی گوتم کے علاوہ دیگر نے ہیش ٹیگ ساڑی ٹوئٹر کو ٹیگ کرتے ہوئے ساڑی زیب تن کی ہوئی اپنی تصاویر شائع کی ہیں لیکن دلچسپ یہ ہے کہ اس مرتبہ شیو سینا کی رکنیت اختیارکر چکیں پرینکا چترویدی، بی جے پی لیڈر نوپور شرما، کانگریس لیدر پنکھڑی پاٹھک، بی جے پی لیڈر نکہت عباس جیسی ہستیوں کے ساتھ صحافت سے تعلق رکھنے والی ندھی راجدان، روبیکا لیاقت، فائے ڈیسوزا، ساکشی جوشی جیسی ہستیوں نے بھی خود کو اس ٹرینڈ میں شامل کیا۔

 اس ٹرینڈ نے پرینکا گاندھی کو اتنا متاثر کیا کہ انھوں نے اپنی تصویر بھی ساڑی پہنے ہوئے شائع کر دی اور اس کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ 22 سال قبل میری شادی کے دن صبح کی پوجا کے دوران کی تصویر۔یہاں قابل غور ہے کہ ہیش ٹیگ ساڑی ٹوئٹر پیر کو اس وقت ٹرینڈ کرنے لگا جب انگریزی اخبار نیو یارک ٹائمز میں شائع ایک مضمون میں ساڑی کی تعریف کی گئی اور اس کی تاریخ پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

 دلچسپ بات یہ ہے کہ مضمون میں ایک طرف جہاں یہ لکھا گیا ہے کہ سال 2014 میں بی جے پی کی فتح کے بعد ساڑی کوکافی فروغ دیا گیا ہے، وہیں یہ بھی لکھا گیا کہ نریندر مودی کی کامیابی کے بعد سے بنارسی ساڑی بنانے والے بنکروں کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔بہر حال، ساڑی پر لکھے گئے مضمون کے بعد سے ہی ٹوئٹر پر ساڑی پہنے خواتین کی تصویریں خوب شائع ہونے لگی ہیں۔ پولس محکمہ سے لے کر سماجی خدمت کرنے والی خواتین تک، اور ادبی حلقہ سے لے کر تعلیم و تعلم سے جڑی خواتین بھی خود کو اس ٹرینڈ میں شامل کرنے سے نہیں روک پا رہی ہیں۔