حیدرآباد -حیدرآباد کے مشہور علاقے لکڑی کا پل کو منفرد اور انوکھے انداز میں خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ذریعہ جنکشن ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت لکڑی کا پل کے پٹرول پمپ جو کہ خیریت آباد سے مانصاحب ٹینک تک کا فاصلہ ہے یہاں پھولوں کے درختوں سے خوبصورتی کا پروجکٹ مکمل کیا جائے گا اور اس خوبصورت بنائے جانے والے حصہ میں کچھ حصہ ان لوگوں کے لیے بھی مختص کردیا جائے گا جو کہ خوشگواراوردلکش مقامات پر فوٹوز لینا پسند کرتے ہیں
اس طرح لکڑی کا پل کے اس نئے اور خوبصورت انداز کے علاقے میں عوام سلیفیز لے سکیں گے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے خیریت آباد زونل کمشنر مشرف علی فاروقی نے کہا کہ یہ جنکشن جو کہ خوبصورت جنکشن کے پروجکٹ میں تبدیل کیا جارہا ہے اس پر 18 لاکھ کے مصارف برداشت کیے جائیں گے اور یہ دو ہفتوں میں پائے تکمیل کو پہنچ جائے گا ۔
اس ماڈل کو اسٹیل فریم اور دیگر اشیاء کے استعمال سے خوبصورت بنایا جائے گا ۔ لیکن یہ دیکھنے میں لکڑی کا فریم ہی دکھائی دے گا جو کہ اس جنکشن کے نام کے اعتبار سے دیکھائی بھی دے گا ۔ اس لکڑی کا پل کو خوبصورت جنکشن میں تبدیل کرنے کے پروجکٹ کی تکمیل کے بعد عوام سے ان کا ردعمل حاصل کیا جائے گا اور حاصل شدہ معلومات کی بنیاد پر شہر کے دیگر جنکشن کو خوبصورت اور جاذب نظر بنائے جانے کے اقدامات کئے جائیں گے-