Monday, June 9, 2025
Homeٹرینڈنگپچاس لاکھ کے بیمہ کے حصول کے لئے بیوی کا قتل

پچاس لاکھ کے بیمہ کے حصول کے لئے بیوی کا قتل

- Advertisement -
- Advertisement -

حصار۔ ہریانہ میں ضلع حصار کے ننگتھلا گاؤں میں50 لاکھ روپیے کی بیمہ کی رقم ہڑپنے کے لیے شوہر نے بیوی کو نہر میں ڈبوکر قتل کر دیا۔ واردات 2 جولائی کو ہوئی تھی لیکن اس وقت شوہر نے اسے ایک حادثے کی شکل دے دی تھی۔ اب ہلاک ہونے والی کے بھائی نے ملزم بہنوئی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرواتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس کے بہنوئی نے50 لاکھ روپیے بیمہ کی رقم ہڑپنے کے لیے اس کی بہن کا قتل کیا تھا۔

پولیس کو دی جانے والی شکایت میں خیر پور کے رندھیر نے کہا کہ اس کی بہن سریتا کی شادی نو سال پہلے ننگتھلا کے باشندے نوین کے ساتھ ہوئی تھی۔ ان کے چھ سال اور ڈھائی سال کے دوبچے ہیں۔ دو ماہ پہلے اس کے اس کے بہنوئی نے اس سے20 لاکھ روپیے یہ کہتے ہوئے مانگے تھے کہ اسے لوگوں کے پیسے دینے ہیں۔ جب انہوں نے اتنے روپیے نہ ہونے کی مجبوری ظاہر کی تو ملزم نوین نے اس کی بہن سریتا کو مزید پریشان کرنا شروع کر دیا۔

شکایت کرنے والے رندھیر نے مزید کہاکہ دو جولائی کو اس کے موبائل پر اس کے بہنوئی نوین کے فون سے کال آیا کہ وہ اورسریتا دونوں نہر میں گرگئے ہیں اور انھیں چوٹیں لگی ہیں۔ اس پر رندھیر اور اس کا بھائی سنجے اگروہا دواخانہ پہنچے جہاں کہا گیا کہ نیل گائے آنے سے یہ حادثہ ہوا اوروہ نہر میں جاگرے جس کی وجہ سے سریتا کی موت ہوگئی اور نوین بچ گیا۔

رندھیر نے کہا کہ اس وقت بہن کی موت کے صدمے کی وجہ سے ہوش وحواس میں نہ ہونے کی وجہ سے اس نے بیانات پر دستخط کر دیے لیکن بعد میں وہ ان کے گھر گئے تو انھیں قتل کا اندیشہ ہوا۔ الزام ہے کہ ہلاک ہونے والے کا نام بیمہ کمپنی سے50 لاکھ روپیے کی ٹرم بیمہ پالیسی بھی لے رکھی تھی اتنا ہی نہیں اس کی بہن کے نام پرکریٹا گاڑی بھی فائنانس پر لے رکھی تھی۔ اسی وجہ سے اس کی بہن کا قتل کیا گیا۔ قتل کی اس سازش میں سریتا کی ساس بھی شامل تھی۔ پولیس نے سریتا کے بھائی رندھیر کی شکایت پر نوین اورساس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔