حیدرآباد ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے حیدرآباد میں گندگی پھیلانے والے اہم اداروں جن میں خاص کر ہوٹلیں اور دیگر کھانے کے مراکز ہیں ، ان کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور آج مہدی پٹنم کے مائیک ڈونالڈ کو 10ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے بموجب مہدی پٹنم میں موجود مائیک ڈونالڈ جس نے اپنے مرکز کے پچھلے حصے میں کچرے کے انبار ڈال رکھے تھے اس کا معائنہ کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی کے حکام نے مرکز کے انتظامیہ کے خلاف 10ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کردیا ہے ۔ چالان کی بٹ نمبر 510 اور سیریل نمبر 50961 جس میں کچرے کے انبار کو پچھلے حصہ میں جمع کرتے ہوئے گندگی پھیلنے کے عوض 10ہزار کا جرمانہ درج کیا گیا ہے اور یہ رسید اس وقت واٹس اپ پر کافی وائرل ہورہی ہے جو کہ دیگر دکانات اور ہوٹلوں کےلئے ایک انتباہ اور خطرے کی گھنٹی ہے ۔