اسلام آباد : جموں کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آئین کے آرٹیکل 370کو منسوخ کرنے کے ہندوستان کے فیصلے کی جوابی کارروائی میں ”سمجھوتہ ایکسپریس“کی مستقل معطلی کے بعد،پاکستان نے اب لاہور۔ دہلی ”دوستی“ بس سروس بھی معطل کردی ہے۔بس کی معطلی کا اعلان وفاقی وزیر پوسٹل سروسز اینڈ مواصلات،مراد سعید نے جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ”این ایس سی (قومی سلامتی کمیٹی) کے فیصلوں کے مطابق،ہندوستان۔پاکستان بس سروس معطل کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین سروس کو مستقل طور پر معطل کر نے کا اعلان کرنے کے ایک دن بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔یہ بس خدمات فبر وری 1999میں شروع ہوئی تھی لیکن 2001میں پارلیمنٹ حملہ کے بعد اسے معطل کر دیا گیا تھا۔پھر جولائی 2003کواس بس خدمات کو بحال کیا گیا۔
اس سے قبل جمعہ کے روز رشید احمد نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان،تھار لنک ایکسپریس کو بھی بند کر رہا ہے،جو ہندوستان کے ساتھ اس کا آخری بقیہ ٹرین ہے۔
تھار لنک ایکسپریس،تھار ایکسپریس کاہندوستانی حصہ ہے جو جودھپور اور مناباؤ کے مابین ہفتے میں ایک بار چلتا ہے۔دونوں ٹرین خدمات 2006میں دوبارہ شروع ہونے سے پہلے 1965کی ہندوستان پاکستان جنگ کے بعد بند کردی گئی تھیں۔
چہارشنبہ کو ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر کے لئے خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کے بعد،پاکستان کے این ایس سی نے سفارتی تعلقات کو کم کرنے اور ہندوستان کے ساتھ باہمی تجارت کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ فیصلہ وزیر آعظم عمران خان کی زیر صدارت این ایس سی اجلاس کے دوران کیا گیا اور اس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر اعلیٰ وزراء نے شرکت کی۔