Monday, June 9, 2025
Homeبین الاقوامیڈسمبر سے قبل امریکہ کو 8 بڑے سمندری طوفانوں کا خدشہ

ڈسمبر سے قبل امریکہ کو 8 بڑے سمندری طوفانوں کا خدشہ

- Advertisement -
- Advertisement -

واشنگٹن۔ یورپ میں موسم گرما کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ ایک مہینے میں ہزاروں کی تعداد میں اموات ہوئی ہیں جبکہ ماہرین پہلے ہی انتباہ دے چکے تھے کہ رواں سال جولائی کا مہینہ دنیا کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے تاہم اب جاری کیے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار میں صرف جولائی میں یورپ بھر میں بدترین گرمی کی وجہ سے تقریباً 3 ہزار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ جولائی کے صرف آخری ہفتے میں نیدرلینڈ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 400 تھی۔

ماہرین کے مطابق، شدیدگرمی کی وجہ سے مونگے کی کئی نسلیں تباہ وبرباد ہوگئی ہیں جبکہ امریکہ میں دسمبر تک سمندری فضائی پیٹرن میں تبدیلی کی وجہ سے 8 بڑے سمندری طوفان آنے کا خدشہ ہے۔ ایوی ایشن کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ فضائی پیٹرن میں تبدیلی کی وجہ سے ہی پروازوں میں ٹربیولنس (بلندی پر طیارے کو جھٹکے لگنے کے واقعات) بھی بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 22 جولائی سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2964 ہے۔

تعداد میں یہ اضافہ گزشتہ سال ہونے والی ہلاکتوں کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ نیدرلینڈز میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، زیادہ ترہلاکتیں ملک کے مشرقی حصوں میں ہوئیں جہاں درجہ حرارت ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین ماحولیات نے انتباہ دیا ہے کہ آنے والے برسوں میں گرم ہواوں کا یہ سلسلہ عام ہو جائے گا۔

امریکہ کے ادارے نیشنل اوشنک اینڈ ایٹماسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے انتباہ دیا ہے کہ دسمبر سے قبل امریکہ 8 بڑے سمندری طوفانوں (ہریکنز) کا شکار ہو سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق، طوفانوں کی شدت میں یہ اضافہ سمندری فضائی پیٹرن اور ایل نینو سیزن کے خاتمے سے قبل ہوگا، یہ غیر معمولی سرگرمی 30 فیصد اضافے کے ساتھ سامنے آئے گی جس میں پہلے سیشن میں ہوائیں 39 میل فی گھنٹہ، دوسرے سیشن میں ہوائیں 74 میل فی گھنٹہ جبکہ تیسرے سیشن میں 111 میل فی گھنٹہ تک جا سکتی ہیں۔

دوسری جانب محققین نے کہا ہے بین البراعظمی پروازوں میں ٹربیولنس کا سلسلہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سمندروں کے اوپر اٹھنے والی تیز ہواﺅں (جیٹ اسٹریم) کے پیٹرن میں تبدیلی ہے۔ پیٹرن میں تبدیلی کی وجہ سے ہی دوران پرواز بلندی پر جہاز کو جھٹکے لگتے ہیں تاہم اب یہ سلسلہ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی تغیر بتائی جا رہی ہے۔ محققین کے مطابق، جیٹ اسٹریم 1979ءکے اعداد و شمار کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ بے ترتیب ہوگئی ہے۔