Sunday, June 8, 2025
Homeتلنگانہآروگیہ شری اسکیم کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پراسپتالوں میں ہیلتھ...

آروگیہ شری اسکیم کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پراسپتالوں میں ہیلتھ خدمات بند

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد : تلنگانہ کی آروگیہ شری اسکیم کے تحت صحت کی دیکھ بھال کی خدمات جمعہ کو رک گئیں،کیونکہ ریاست کے تقریبا 240خانگی اسپتالوں نے ریاستی حکومت کے 1500کروڑ روپئے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر خدمات کی فراہمی بند کر دی۔

وزیر صحت ایٹیلا راجندر اور تلنگانہ نیٹ ورک ہاسپتل اسوسی ایشن (ٹی این ایچ اے) کے مابین بات چیت کا کوئی حل نہیں نکل پایا۔وزیر نے ٹی این ایچ اے کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد کہا کہ واجبات صرف 600کروڑ روپئے ہیں اور حکومت فوری طور پر 200کروڑ روپئے جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف خدمات کے معاوضوں میں اضافے کے مطالبے پر فیصلہ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کے بعد لیا جائے گا۔

حالانکہ،ٹی این ایچ اے نے کہا کہ حکومت کو  1500کروڑ روپئے کا بقایا ادا کرنا ہوگا۔اسپتالوں نے آروگیہ شری،ملازمین کی صحت کی اسکیم (ای ایچ ایس)اور صحافیوں کی صحت اسکیم (جے ایچ ایس)کے تحت خدمات بند کردی ہیں۔ٹی این ایچ اے نے واضح کیا کہ وہ تمام واجبات کی ادائیگی کے بارے میں واضح تیقن دہانی تک خدمات کو دوبارہ شروع نہیں کریں گے۔

آروگیہ شری کے تحت خانگی اسپتالوں میں غربت کی لکیر سے نیچے80لاکھ سے زیادہ (بی پی ایل) خاندانوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں،جسے2007میں اس وقت کے غیر منقسم آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے شروع کیا تھا۔

واجبات کی عدم ادائیگی پر نیٹ ورک اسپتالوں میں خدمات بندکی گئی ہیں۔وہ اس اسکیم کے تحت مختلف پیاکیجوں کے نرخوں پر نظر ثانی کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔