حیدرآباد۔ ان دنوں اسکول جانے والے طلبہ جن کے بستے کافی وزنی ہوتے ہیں اور انہیں وزنی بستوں کی کی وجہ سے ان میں کئی امراض کے خدشات ہمیشہ ہی رہتے ہیں جس میں خاص کر ریڑھ کی ہڈی کے مسائل اور اس کے ٹیڑھے ہونے کے امراض کا خدشہ بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔
اس مسئلہ سے نمٹنے کےلئے اب اسوسی ایشن آف اسپائن سرجن آف انڈیا (اے ایس ایس آئی) کی جانب سے ملک بھر میں ایک مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت آئندہ دو برسوں کے دوران 1.5 لاکھ اسکولی طلبہ کے درمیان نہ صرف ریڑھ کی ہڈی کے امراض کی تشخیص کی جائے گی بلکہ اسکولی طلبہ میں ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کے متعلق شعور بیدار بھی کیا جائے گا۔
یہ اپنی نوعیت کی پہلی مہم ہے اور اس مہم کی اہمیت اس لئے بھی ہے کیونکہ اس وقت ہندوستان میں 14 سال کی عمر سے کم کے طلبہ وزنی بستوں کو روزانہ گھر سے اسکول تک اٹھا کر لے جانے کی وجہ سے مسائل میں مبتلاءہورہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں اے ایس ایس آئی نے کئی ایک اسکولوں کے ساتھ اس مہم کا آغازکیا ہے جس میں تقریباً 10 ہزار طلبہ کا معائنہ کیا جائے گا۔
حیدرآباد میں اس مہم کے تحت 10 ہزار طلبہ کا معائنہ کیا جائے گا اور جن طلبہ کی تشخیص کی جائے گی ان کی تفصیلات جمع کرتے ہوئے اس پر تحقیقی مطالعہ بھی کیا جائے گا تاکہ اس قسم کے امراض میں نئی نسلوں کو مبتلاءہونے سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے علاوہ میڈیکل شعبہ کی خدمات بھی حاصل کی جاسکے ۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت کا حامل ہیکہ ریڑھ کی ہڈی کے بہتر انداز میں رہنے اور اس کی صحت مند ہونے کی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے بازار میں کئی ایک آلے دستیاب ہونے کے علاوہ موبائیل فون میں کئی اپلیکیشنس بھی موجود ہیں جن میں اسپولیو میٹر اور اینگل میٹر قابل ذکر ہیں۔
اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے آئی ایس ایس آئی کے اسپائن سرویس اینڈ میڈیکل صدر اور ڈائرکٹر ڈاکٹر ایچ ایس چھابرا نے کہا ہیکہ ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کا ابتدائی مرحلہ میں معلوم کرلینا بہتر ہوتا ہے اور خاص کر 10 تا 14 سال کی عمر کے بچوں میں اس کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا ملک بھر میں یہ مہم چلائی گئی ہے اور اب حیدرآباد میں طلبہ کی ریڑھ کی ہڈی کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ابتدائی مرحلے میں 10 ہزار طلبہ کا معائنہ کیا جائے گا اور تفصیلات جمع کرتے ہوئے اس پر تحقیقی مطالعہ بھی ہوگا۔