حیدرآباد : اتوار کے روز راجندر نگر میں سڑک پر ایک بیاگ پھٹنے سے ہوئے ایک دھماکے میں ایک کچرا اٹھانے والے شخص کی موت واقع ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق شہر کے راجندر نگر علاقہ میں سڑک پر ایک بیاگ کھولنے کی کو شش کرنے پر بیاگ سے ہوئے دھماکے میں علی نامی 35سالہ شخص شدید زخمی ہو گیا،جسے عثمانیہ اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔
پی وی این آر ایکسپریس وے کے نیچے ایک فٹ پاتھ پر ہوئے اس دھماکے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔سائبر آباد پولیس کمشنر
وی سی سجن نے دھماکے کے مقام کا دورہ کیا۔بعد میں انہوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ”یہ شبہ ہے کہ یہ کیمیائی دھماکہ ہے۔ہم اس کی تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں اوریہ جاننے کی کو شش کر رہے ہیں تاکہ اس شخص نے یہ بیاگ کہا ں سے بر آمد کیا تھا۔
فارنسک سائنس لیباریٹری (ایف ایس ایل) کی ایک ٹیم نے دھماکے کے مقام سے نمونے جمع کئے ہیں۔انسداد دہشت گردی یونٹ (آرگنائزیشن فار انسداد دہشت گردی آپریشنز (آکٹوپس)کے عہدیداروں نے بھی اس علاقہ کا دورہ کیاہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ وہ اس علاقے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج اسکین کر رہے ہیں،تاکہ یہ معلوم کر سکیں کہ اس کچرا اٹھانے والے شخص نے یہ بیاگ کہا سے بر آمد کیا تھا۔