لکھنو۔ ریاست اتر پردیش میں ایک رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حادثے میں کئی افراد کے ملبے تلے دب کر زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ہندوستان کی گنجان آبادی والی شمالی ریاست اتر پردیش کی پولیس نے کہا ہے کہ ایک گاو¿ں میں کھانا پکانے والے گیس سلنڈر کے پھٹنے کے واقعے کی خصوصی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک درجن نعشوں اور کئی زخمیوں کو دواخانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض افراد جھلسے ہوئے بھی ہیں۔
پولیس کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ اتر پردیش کے ضلع ماو¿ کے ایک گاو¿ں ولید پور میں ہوا۔ گیس کا سلنڈر ایک دو منزلہ عمارت میں پھٹا۔ یہ عمارت سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے زوردار دھماکے کو برداشت نہ کرسکی اور گر گئی۔ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس اور مقامی افراد کے مطابق عمارت کے گرنے سے کئی افراد ملبے میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا کہ عمارت میں سلنڈر پھٹنے کے بعد آگ نہیں بھڑکی ورنہ ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔حالیہ دنوں میں خستہ حال عمارتوں میںحادثات کے واقعات کی بہتات ہے اور ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیںعمارت کا ملبہ ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی مصروف ہے۔
قریبی مکانات کے افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ ریاست اتر پردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے ولید پور میں سلنڈر پھٹنے اور عمارت کے گرنے کے واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کر کے رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری دی ہے۔یاد رہے کہ ہندوستان میں غیر محفوظ عمارتوں کی بہتات ہے اور مختلف حالات میں ان کے منہدم ہونے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔ خاص طور پر مانسون کے موسم میں شدید بارشوں کے دوران مخدوش اور کمزور مکانات اور رہائشی عمارتوں کے گرنے کا خطرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔