نئی دہلی۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹسٹ میچ میں ٹیم کے کارگزار کپتان اجنکیا رہانے پر ٹیم کا سارا دارومدار ہوگا۔ٹیم کے مستقل کپتان وراٹ کوہلی کی غیرموجودگی میں رہانے ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے ۔ کوہلی جنوری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے ایڈیلیڈ ٹسٹ کے بعد وطن لوٹ گئے ہیں ۔ ہندوستان ایڈیلیڈ میں پہلا ڈے ۔ نائٹ ٹسٹ میچ ڈھائی دن میں ہی آٹھ وکٹ سے ہارگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین26 دسمبر سے میلبورن میں دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔
دریں اثناءگوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ رہانے پر ٹیم کا سارا دارومدار ہوگا۔اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنیکٹیڈ میں گمبھیر نے کہا ہندوستانی ٹیم کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ پہلے ٹسٹ کے دو دن میں اچھے موقف میں تھی اور تیسرے دن پہلے سیشن میں اس کا کھیل خراب ہوگیا تھا۔ انہیں یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ ابھی تین ٹسٹ میچ باقی ہیں اور اس میں ٹیم کے بہترین کھلاڑی کوہلی شامل نہیں ہوں گے ۔ ان حالات میں رہانے پر سارا دارومدار ہوگا۔محمد سمیع کے ٹیم میں نہ ہونے سے یہ دیکھنا ہوگا کہ رہانے کس طرح ٹیم کا توازن بناتے ہیں۔ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے باقی ٹسٹ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔
اس سے پہلے گمبھیر نے دوسرے ٹسٹ کے لئے آخری الیون کے لئے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ شبھمن گل، رشبھ پنت، لوکیش راہول اور رویندر جڈیجہ کو اس مقابلہ میں موقع ملنا چاہیے ۔ میں پرتھوی کے مقابلے میں مینک کے ساتھ شبھمن گل کو اوپننگ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں۔ چتیشور پجارا نمبر تین اور اجنکیا رہانے کو نمبرچار پر بیٹنگ کرنی چاہئے ۔ رہانے اس مقابلے میں ٹیم کے کپتان ہوں گے اور انہیں ٹیم کی مثالی قیادت کرنی چاہیے ۔ کوہلی کی جگہ رہانے کو چوتھے نمبر پر کھیلنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ لوکیش راہول کو پانچ نمبر پر کھیلنا چاہئے جبکہ پنت چھٹے اور جڈیجہ کو ساتویں نمبر پر اترنا چاہئے ۔ روی چندر اشون آٹھویں پر اور اس کے بعد تین بولروں کومیدان میں اتاریں۔ میں چاہتا ہوں ٹیم اس مقابلے میں پانچ فاسٹ بولروں کے ساتھ کھیلنے اترے ۔