Thursday, April 24, 2025
Homesliderارجنٹینا کے خلاف کامیابی ، ہندوستان کوارٹر فائنل میں داخل

ارجنٹینا کے خلاف کامیابی ، ہندوستان کوارٹر فائنل میں داخل

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹوکیو ۔ ہندوستان کی مرد ہاکی ٹیم نے پول اے کے میچ میں دفاعی اولمپک چمپین ارجنٹینا کو 3-1 سے شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس ہاکی ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ہندوستان کی کامیابی میں ورون کمار نے 43 ویں ، وویک ساگر پرساد نے58 ویں اور ہرمن پریت سنگھ نے59 ویں منٹ میں گول کیا جبکہ ارجنٹینا کا واحد گول میکو کسیلا نے48 ویں منٹ میں کیا۔ہندوستان نے پہلے دوکوارٹرز میں بغیر کسی گول کے بعد تیسرے کوارٹر میں برتری حاصل کی جبکہ آخری کوارٹر کے48 ویں منٹ میں ارجنٹینا نے برابری حاصل کرلی ۔ ہندوستان نے برتری حاصل کرنے کے لئے پورا زور لگایا اور آخری منٹ میں مسلسل دوگول کرکے جیت اپنے نام کرلی۔ہندوستان کی چار میچوں میں یہ تیسری کامیابی ہے اور وہ نو پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر دوآسٹریلیا( 12 پوائنٹس) کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ ہر گروپ سے سرفہرست چار ٹیمیں کوارٹر فائنل میں داخل ہوں گی ۔ ہندوستان کا آخری گروپ میچ جمعہ کو میزبان جاپان کے خلاف ہوگا۔

 شیوراج کی وویک کو مبارکباد

مدھیہ پردیش کے چیف منسٹرٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ٹوکیو اولمپک میں اپنی بہترین کارکردگی سے ارجنٹینا کے خلاف گول کرتے ہوئے ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے کھلاڑی وویک ساگرکو مبارکباد دی ہے ۔ چیف منسٹر نے ایک ٹویٹ میں کہا مدھیہ پردیش کی سرزمین کے نوجوان کھلاڑی اور مڈفیلڈر وویک ساگر نے اپنی بہترین کارکردگی سے ٹوکیواولمپک میں ارجنٹینا کے خلاف گول کرتے ہوئے ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم کرادا ادا کیا۔ مدھیہ پردیش کے بیٹے پر پورے ملک کو فخر ہے ۔

علاوہ ازیں مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے آج لوک سبھا میں کہا کہ گزشتہ سات سال میں کھیل کے شعبے نے زبردست فروغ حاصل کیا ہے اور اب ملک ہر طرح کی چمپئن شپ کا انعقاد کروانے کا اہل ہے ۔ ٹھاکر نے وقفہ صفر کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گذشتہ سات سال میں کھیلوں کے شعبے نے کافی فروغ حاصل کیا ہے ۔حکومت نے کھلاڑیوں کی صلاحیت کو نکھارنے کے لئے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی ہیں۔