Sunday, June 8, 2025
Homesliderاسپین کے خلاف ہندوستان 0-3 سے کامیاب

اسپین کے خلاف ہندوستان 0-3 سے کامیاب

- Advertisement -
- Advertisement -

ٹوکیو۔ ڈراگ فلیکر روپیندر پال سنگھ نے شاندار مظاہرہ کیا جس کی بدولت پست ہمت ہندوستانی ٹیم نے اسپین کو 3-0 سے شکست دیتے ہوئے ٹوکیو اولمپکس میں ہاکی زمرے کی دوسری کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف 1-7 کی حوصلے پست کرنے والی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کو اس مقابلے میں ایک بڑی کامیابی ضروری تھی۔

قومی ہاکی ٹیم نے عالمی درجہ بندی میں 9 ویں مقام پر موجود اسپین کے خلاف وہ کامیابی حاصل کی جس کی اسے ضرورت تھی تاکہ وہ میڈل کے دور میں خود کو باقی رکھنے کے علاوہ آئندہ مقابلوں کے لیے اپنے حوصلے بلند کرسکیں۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے سمرن جیت سنگھ نے 14 ویں منٹ میں پہلا گول کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے کھاتا کھولا۔ قومی کھلاڑی پہلے گول کا جشن مناہی رہے تھے کہ 15 ویں منٹ میں روپیندر پال سنگھ نے گول بناتے ہوئے ٹیم کی سبقت کو دوگنا کردیا۔ مقابلے کے اختتامی لمحات میں روپیندر پال سنگھ نے ایک اور گول کیا جیسا کہ اوئی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے کے 51 ویں منٹ میں روپیندر نے اپنا دوسرا اور مقابلے کا تیسرا گول بنایا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت عالمی درجہ بندی میں چوتھے مقام پر فائز ہے جس نے اپنے پہلے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دی لیکن اس کے بعد کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کو عالمی نمبر ایک آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف 1-7 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی۔

دوسری جانب اسپین اولمپکس میں کامیابی کا کھاتا نہیں کھول پایا ہے۔ اسپین کو پہلے مقابلے میں ارجنٹینا کے خلاف 1-1 کا ڈرا مقابلہ کھیلنا پڑا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے اسے 3-4 کی شکست دی۔ ہندوستان کا اب اگلا مقابلہ اولمپک چیمپئن ارجنٹینا سے جمعرات کو ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ہر پول سے ابتدائی چار ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلہ کے لیے رسائی حاصل کریں گی اور ہندوستانی ٹیم نے اسپین کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے ناک آﺅٹ مرحلہ میں رسائی کے لیے اپنے امکانات کو مستحکم کرلیا ہے۔