دوبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر روی چندرن اشون اور انگلش کپتان جیوروٹ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے ناقابل یقین ابھرتے کھلاڑی کائی میئرس مہینے کے بہترین کھلاڑی کے آئی سی سی ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ آئی سی سی جس نے حالیہ دنوں میں مہینے کے بہترین کھلاڑیوں کے ایوارڈ کو بھی متعارف کیا ہے جس کے تحت اب فبروری کے مہینے میں بہترین کھلاڑیوں میں مذکورہ بالا تین نام شامل کئے گئے ہیں۔
اشون جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اس دوران تین ٹسٹ مقابلے کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 106 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ تیسرے ٹسٹ میں اپنے کریئر کے 400 وکٹ بھی مکمل کئے ہیں۔ ایک مہینے کے دوران اشون نے ان تین ٹسٹ مقابلوں میں 176 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 24 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان جیوروٹ نے 333 رنز اور 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ روٹ نے 218 رنز اسکور کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف سیریز کا آغاز کیا تھا۔ علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز کے نئے کھلاڑی جنہوں نے اپنے پہلے ہی ٹسٹ میں 210 رنز اسکور کئے تھے، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز نے چٹگانگ میں بنگلہ دیش کے خلاف 395 رنز کا ہمالیائی اسکور کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ خاتون زمرہ میں انگلینڈ کی ٹیمی بیومانٹ اور ناٹ سیور کے علاوہ نیوزی لینڈ کی بروک ہالی ڈے کو مہینے کی بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
یادر ہے کہ آئی سی سی نے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ رواں سال متعارف کیاہے اور سال کے پہلے مہینے جنوری کا ایوارڈ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت نے حاصل کیا تھا جنہوں نے دورہ آسٹریلیا پر ہندوستان کی تاریخی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔