سلچر۔آسام کے کاچھر ضلع میں ایک 26 سالہ شخص کو 16 سالہ لڑکی کے اغوا، عصمت دری اور قتل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نوجوان لڑکی سے ناراض تھا کیونکہ وہ کسی اور کے ساتھ درگا پوجا پنڈال میں گئی تھی۔ اس کے اہل خانہ نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے اس کا گلا کاٹنے کی کوشش کی، اسے ایک بیگ میں بند کیا اور بیگ کو جنگل میں پھینک دیا لیکن وہ اس حملے سے بچ گئی۔
اس واقعہ میں متاثرہ لڑکی نے خود کو آزاد کیا اور گھر واپس چلی گئی، اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔ خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ اب وہ اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم سنجے تیلی ضلع کاچھر میں چائے کے باغ میں کام کرنے والا تھا اور اسے بورکھولا پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں نے لڑکی کے ابتدائی بیان کی بنیاد پرگرفتار کیا تھا۔ لڑکی کے گھر والوں نے بتایا کہ وہ 3 اکتوبر کو درگا پوجا کے لیے گئی تھی اور گھر واپس نہیں آئی۔ اگلے دن انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ وہ 4 اکتوبر کی دوپہر کو گھر واپس آئی اور اس کے گھر والوں نے اسے دواخانہ لے گئے ۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ سنجے تیلی نے لڑکی کو اغوا کیا، اسے جنگل کے علاقے میں لے گیا اور اس کی عصمت ریزی کی۔ اس نے اس کا گلا کاٹ کر اسے مارنے کی کوشش کی۔
کاچھر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نمل مہتا نے کہاتفتیش میں پتہ چلا کہ لڑکی کا ملزم کے ساتھ رشتہ تھا۔ وہ ایک اور آدمی کے ساتھ درگا پوجا میں گئی تھی، جس سے وہ ناراض تھا۔ بورکھولا پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج منموہن راوت نے کہا کہ انہیں تیلی کے کہنے پر ہتھیار ملا ہے۔دواخانہ میں داخل ہونے کے فوراً بعد لڑکی نے پولیس کے سامنے اپنا بیان مختصراً ایک کاغذ پر لکھ دیا کیونکہ وہ گلے پر کاٹ کے زخم کی وجہ سے بول نہیں پا رہی تھی۔ پولیس نے کہا ہے کہ لڑکی کے صحت یاب ہونے پر اس کا مزید تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔