دبئی ۔ ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی مدد کے لیے 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان نے خلیفہ فنڈ فار انٹرپرائز ڈیولپمنٹ کو پاکستان میں ایس ایم ایز کے لیے 20 کروڑ ڈالر مختص کرنے کی ہدایت کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ابوظبی کے ولی عہد کے اس اقدام کا مقصد مختلف منصوبوں میں جدت کی حوصلہ افزائی اور انٹرپرینورشپ کی حمایت، مستحکم اور متوازن معیشت کی تشکیل کی کوششوں میں پاکستانی حکومت کی مدد کرنا ہے جس سے ملک میں پائیدار ترقی کے حصول میں مدد ملے گی۔
یہ اقدام پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط اور فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کی خواہش کی بھی عکاسی کرتا ہے۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے 20 کروڑ ڈالر امداد کے اعلان پر شیخ محمد بن زاید النہیان سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ رقم ملک میں چھوٹے کاروبار کے فروغ اور نوکریوں پر خرچ ہوگی جبکہ اس امداد کا اعلان دونوں ملکوں کے دمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کا اظہار ہے۔واضح رہے کہ شیخ محمد بن زاید النہیان نے جمعرات کو ہی پاکستان کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے دوبدو ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس حوالے سے ولی عہد نے ایک ٹوئٹ بھی کی اور اس میں لکھا کہ وہ اپنے دوست عمران خان سے ملے اوردونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے اور مشترکہ علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔