نئی دہلی۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون کے ضمن میں کہا ہے کہ این پی آر کے وقت شہریوں سے کوئی دستاویزت طلب نہیں کئے جائیں گے اور نہ ہی کسی کو مشکوک تحریر کیا جائے گا، لیکن ہم امیت شاہ پر بھروسہ نہیں کرتے۔ ان خیالات کا اظہار حیدرآباد کی گولڈن گرل سیدہ فلک شاہین باغ میں رواں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فلک نے احتجاج میں طویل مدت سے شرکت کررہی خواتین کے حوصلوں اور عزائم کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کورونا وائرس کی وجہ سے 4 اموات پر وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا لیکن قومی دارالحکومت میں شرپسندوں کے اشتعال انگیز بیانات سے دہلی فسادات پھوٹ پڑے جس میں 54 افراد جبکہ اترپردیش میں 21 افراد کی قیمتی جانیں گئیں لیکن آج تک مودی نے اس معاملے میں ایک لفظ تک نہیں کہا۔ کیا مرنے والے ہندوستانی قوم کے افراد نہیں تھے۔
کورونا وائرس یقینا ساری دنیا کی انسانوں کیلئے ایک خطرہ ہے لیکن یہ خطرہ کچھ وقت کے بعد ٹل جائے گا لیکن ہندوستان میں جو نفرت کا وائرس پھیلایا جارہا ہے، اسے ختم کرنا لازمی ہے، ورنہ یہ چند افراد کو نہیں بلکہ یہ نسلوں کو ختم کردے گا اور ہندوستان کے جمہوری وجود کو مٹا دے گا۔ فلک نے کہا کہ احتجاج میں شامل یہ خواتین گاندھی جی کے ملک کے اقدار، جمہوریت ، امبیڈکر کے دستور، مولانا ابوالکلام آزاد اور بھگت سنگھ کی قربانیوں کے نتائج کو برقرار رکھیں گے اور شاہین باغ انقلاب کی ایک تصویر بن کر تاریخ میں سنہری حروف سے اپنا احساس ہمیشہ دلاتا رہے گا۔