لندن ۔ ایشزکی شکست کا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے والے انگلینڈ کے کرکٹرز پر اثر پڑ سکتا ہے کیونکہ انگلینڈ اینڈ ویلزکرکٹ بورڈ (ای سی بی) مبینہ طور پر منافع بخش ٹورنمنٹ میں اپنے کھلاڑیوں کی شمولیت کو محدود کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔انگلینڈ کے کئی کرکٹرز بشمول جوس بٹلر، جونی بیرسٹو اور معین علی، اور آل راونڈر سیم کرن اور کرس ووکس کو آئی پی ایل میں شمولیت کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ملک کی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں آرام دیا گیا تھا جس کے بعد انگلینڈ2021 میں نیوزی لینڈ سے دو ٹسٹ میچوں کی سیریز 0-1 سے ہار گیا تھا۔
ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ای سی بی ایشز میں ہونے والے نقصان کا مکمل جائزہ لے رہا ہے، منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز ٹیسٹ ٹیم کی قسمت کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات کی فہرست تیارکر رہے ہیں۔انگلینڈ آسٹریلیا میں پانچ ٹسٹ ایشز میں 0-3 سے خسارہ میں ہے ۔مہمان ٹیم نے برسبین، ایڈیلیڈ اور ایم سی جی ٹسٹ میں بالترتیب نو وکٹوں، 275 رنز اور ایک اننگز اور 14 رنز سے شکست کھائی۔ انگلینڈ کی جمی اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی آخری وکٹ کی جوڑی کرشماتی طور پر سڈنی کرکٹ گراونڈ میں چوتھا ٹسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔سیریزکا پانچواں اورآخری ٹسٹ 14 جنوری کو ہوبارٹ کے بلنڈ اسٹون ایرینا میں شروع ہوگا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ای سی بی آئی پی ایل میں کرکٹرزکی شمولیت کو صرف ابتدائی چند ہفتوں تک محدود کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ ای سی بی کو تشویش ہے کہ آئی پی ایل اس سال کے بعد سے طویل عرصے کا ہوگا کیونکہ ٹورنمنٹ میں مزید دو ٹیمیں شامل کی گئی ہیں، جس سے ان کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال آئی پی ایل ممکنہ طور پر انگلینڈ کے ٹسٹ سیز ن کے ساتھ متصادم ہو جائے گا۔ ناک آوٹ مراحل کے ساتھ جو جون کے شروع میں لارڈز میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے پہلے ٹسٹ سے ٹکراسکتا ہے۔
اب تک صرف بٹلر (راجستھان رائلز) اور معین (چینائی سوپرکنگز) کو 2022 کے ایڈیشن کے لیے ان کی متعلقہ فرنچائزز نے برقرار رکھا ہے، لیکن انگلینڈ کے کئی ٹسٹ کھلاڑیوں کے نام اگلے ماہ آئی پی ایل میگا نیلامی میں سامنے آئیں گے، اس لیے کہ دو نئی فرنچائزز ٹورنمنٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیلامی میں دستخط کیے گئے انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے کہا جائے گا کہ وہ آئی پی ایل میں اپنا وقت کم کریں تاکہ وہ نیوزی لینڈ کی سیریز شروع ہونے سے پہلے کچھ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل سکیں۔انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن ای سی بی کے کھلاڑیوں کو قومی فرض کی قیمت پرآئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دینے پر سخت تنقید کرتے رہے ہیں۔