Wednesday, April 23, 2025
Homeتازہ ترین خبریںایسا لگتا ہے کہ جس کا گورنر،اس کی حکومت: اکھلیش یادو

ایسا لگتا ہے کہ جس کا گورنر،اس کی حکومت: اکھلیش یادو

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے مہاراشٹرا میں حکومت سازی سے متعلق بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بنایا،اور کہا کہ ”اب ایسا لگتا ہے کہ جس کا گورنر،اس کی حکومت۔سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے یہ تبصرہ بی جے پی رہنما دیویندر فڈ نویس کے مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے بعد کیا۔انہوں نے کہا کہ ”ہفتے کی صبح میں سوچ رہا تھا کہ کچھ دوسری پارٹیاں ریاست میں حکومت بنانے والی ہیں،لیکن،اب میں سوچتا ہوں کہ جس کا گورنر ہے، اس کی حکومت ہے۔

واضح ہو کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 105،شیو سینا نے 56،این سی پی کو 54اور کانگریس کو 44نشستیں ملی ہیں۔بی جے پی اور شیو سینا نے مل کر اکثریت کیلئے درکار 145 نمبر کو عبور کیا،لیکن شیو سینا ففٹی ففٹی فارمولہ چاہ رہی تھی۔جس کے مطابق حکو مت چلانے کا ماڈل ڈھائی ڈھائی سال تھا،لیکن بی جے پی اور شیو سینا میں اختلافات بڑھ گئے اور دونوں جماعتوں کی 30سالہ پرانی دوستی ٹوٹ گئی۔

اس کے بعد شیو سینا نے کانگریس۔این سی پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی جدو جہد شروع کی۔کئی دنوں کی کوششوں کے بعد،آخر کار کانگریس۔این سی پی نے شیو سینا کی حمایت کرنے پر اتفاق کر لیا اور جمعہ کی شام تک کئی اجلاسوں اور بات چیت کے بعد شرد پوار نے اعلان کیا کہ مہاراشٹرا کے نئے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے ہوں گے اور تینوں پارٹیاں گورنر سے ملاقات کریں گی،اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے۔

جمعہ کی رات 11.45 بجے بی جے پی نے این سی پی رہنما اجیت پوار کے ساتھ معاہدہ کا فیصلہ کیا اور رات کے وقت گورنر سکٹریٹ سے صدر راج کو ختم کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کو کہا گیا۔اور ہفتہ کی صبح گورنر نے دیویندر فڈ نویس کو وزیر اعلیٰ اور این سی پی کے اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ کا حلف دلایا۔گورنر کے اسی کردار سے متعلق اکھلیش یادو نے تنقیدی نشانہ بناتے ہو ئے کہا کہ ”اب تو لگتا ہے،جس کا گورنر،اس کی حکومت۔