ایجبسٹن۔ فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ ٹسٹ مقابلے کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں جیسا کہ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں جمعرات کو شروع ہوئے دوسرے اور سیریز کے آخری مقابلہ کے لیے ٹیم میں منتخب کیا گیا۔ اینڈرسن کا یہ ٹسٹ کرکٹ میں 162 واں مقابلہ ہے جس کی بدولت وہ ٹیم کے سابق کپتان ایلسٹر کوک کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جو اس سے قبل انگلینڈ کی سب سے زیادہ ٹسٹ مقابلوں میں نمائندگی کی تھی۔
انگلش فاسٹ بولر 38 سالہ اینڈرسن نے 2003 ءمیں اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جب سے تاحال وہ 616 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کے لیے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اینڈرسن نے اس موقع پر میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ میں نے اتنا طویل سفر مکمل کیا اور یہ ایک شاندار سفر ہے۔ سب سے زیادہ ٹسٹ کھیلنے والوں کی فہرست میں اینڈرسن 7 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں وہ چوتھے مقام پر ہیں جبکہ فاسٹ بولروں کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹوں کی فہرست میں وہ پہلے مقام پر فائز ہیں۔
ریکارڈ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ اتنے طویل سفر تک میری جسمانی صحت برقرار رہی۔ میں اپنی فٹنس اور صلاحیتوں کے لیے کافی سخت محنت کرتا ہوں علاوہ ازیں ہر دن بہتر مظاہرے کی جستجو میرے سفر کو طویل کررہی ہے۔ پیشہ ورانہ کھلاڑی بننے کے بعد سے میں اس طرح کی محنت کررہا ہوں اور امید ہے کہ مزید چند سال میں ایسے ہی کھیلتا رہوں گا۔ اینڈرسن نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ ان کے سابق ساتھی اور کپتان کوک نے ریکارڈ توڑنے پر فون کے ذریعہ انہیں مبارکباد دی۔
جمعرات کو کھیل کے آغاز سے قبل اینڈرسن کو انگلینڈ ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ایک مخصوص شرٹ دیا گیا جس پر 162 کا ہندسہ درج ہے۔ اینڈرسن نے کہا کہ کوک کا فون کرتے ہوئے مبارکباد دینا میرے لیے کافی اہمیت کا حامل ہے۔ کیوں کہ وہ میرے ایک خاص دوست اور کپتان بھی رہے ہیں۔ اینڈرسن نے 18 سال قبل زمبابوے کے خلاف لارڈس ٹسٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس دوران انہوں نے 8 مختلف کپتانوں کی زیر قیادت انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے۔ ٹسٹ کے علاوہ اینڈرسن نے 194 ونڈے اور 19 ٹی 20 مقابلے بھی کھیلے ہیں۔ تمام طرز کی کرکٹ میں 375 مقابلوں کا ہندسہ بھی انگلینڈ کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔