امراوتی: مرکز نے آج آندھراپردیش کے دارالحکومت کے مسئلہ پر ریاستی ہائی کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا اوردعوی کیا کہ یہ معاملہ ریاستی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے اور اس مسئلہ سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔عرضی گذار پی وی کرشنیا نے حال ہی میں اس مسئلہ پر ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی اور الزام لگایا تھا کہ دارالحکومت کے قیام کامعاملہ مرکز کے حدود میں ہے۔اس دعوی پر عدالت نے مرکز کو ہدایت دی تھی کہ وہ تفصیلات کے ساتھ حلف نامہ عدالت میں داخل کرے۔اس ہدایت پر آج مرکز نے عدالت میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ دارالحکومت کے مسئلہ پر کئی عرضیاں عدالت میں زیرالتوا ہیں۔وائی ایس جگن موہن ریڈی زیرقیادت ریاستی حکومت نے ریاست میں تین دارالحکومتوں کے قیام کے عمل کی شروعات کی ہے جس کی شدید مخالفت اصل اپوزیشن تلگودیشم کے ساتھ ساتھ دارالحکومت امراوتی کے کسان کررہے ہیں۔تلگودیشم پارٹی جس کو کونسل میں اکثریت ہے نے اس بل کو منظوری سے روک دیا تھاتاہم حال ہی میں گورنر وشوابھوشن ہری چندن نے اس ایکٹ کو منظوری دے دی تھی جس سے تلگودیشم کو ایک بڑا دھکہ لگا تھا۔