نئی دہلی ۔ پارلیمنٹ میں گزشتہ روز جیسے ہی بہی کھاتہ والا یونین بجٹ پیش کیا گیا، عوام نے سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنا مایوسی اور برہمی ظاہر کی اور اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے ٹوئٹ کیا کہ امریکی ڈالرکو کرنسی کا بنچ مارک بنانے کی جگہ ہندوستانی روپے کو مضبوط بنانے پرکام کیوں نہیں کیا گیا۔
بجٹ کے بارے میں سابق مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے اس کی کافی تعریف کی لیکن ان کے ٹوئٹ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا یہ عام ایماندار ٹیکس پیئر اور متوسط طبقہ کے لئے سب سے خراب بجٹ میں سے ایک ہے۔ایک اور صارف نے مرکزی وزیر مالیات کی بجٹ تقریر کے بعد ایک پرانی فلم کا گانا شیئر کیا۔ وہ گانا کچھ یوں ہے اچھا صلہ دیا تو نے میرے پیار کا۔ مرکزی بجٹ پیش ہونے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد پٹرول 2.50 روپے مہنگا ہونے اور ڈیزل 2.30 روپے مہنگا ہونے پر متوسط طبقہ میں کافی ناراضگی دیکھنے کو ملی۔
ایک دیگر شخص نے بجٹ پیش کئے جانے کے بعد ٹوئٹر پر لکھا پٹرول کی قیمتیں، ڈیزل کی قیمتیں بڑھیں۔ ایماندار ٹیکس ادا کرنے والے کو کیا ملا ؟ ٹیکس کا فائدہ، پنشن کا فائدہ،کارپوریٹ کمپنیوں کے ذریعہ حاصل گریچوئٹی رقم کیا ملی؟ آپ واقعی میں ایماندار (تنخواہ دار) لوگوں کا خیال رکھتے ہیں؟ ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا ہے مایوس کن بجٹ 2019… بے روزگاری کے لیے کوئی مدد یا خبر نہیں۔بجٹ پر کچھ لوگوں نے مزاحیہ ٹوئٹ بھی کیے اور طنز کے تیر چلائے۔ ایک شخص نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تو، بجٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ابھی بھی نیٹ فلکس، پرائم اور ہاٹ اسٹار کی سالانہ رکنیت کے لیے سبسیڈی پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ کیا یہ وہ ہندوستان ہے جس میں ہم رہنا چاہتے ہیں؟ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر کئی دلچسپ میمس بھی گشت کررہے ہیں ۔