منامہ ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مسجد حرام میں نماز پر پابندی کے بعد دنیا بھر کے مختلف ممالک اور کئی علاقوں میں مساجد میں پنچگانہ پر بھی پابندی عائد کردی گئی اور اب اس میں ایک نئے نام کا اضافہ ہوگیا ہے اور وہ ملک بحرین ہے۔بحرین کی تمام مساجد میں جمعہ اور جماعت سے نماز تااطلاع ثانی عارضی طور پر روک دی گئی ہیں- عمل درآمد پیر 23 مارچ سے مغرب کی نماز سے شروع ہو گیا- ویب سائٹ نے بحرین کے خبررساں ادارے کے حوالے سے لکھا ہے کہ سنی محکمہ اوقاف نے اسلامی امور کی سپریم کونسل کے فتوے کی بنیاد پر جمعہ اور جماعت کی نماز پر پابندی لگائی ہے۔
بحرینی محکمہ اوقاف نے مقامی شہریوں اور بحرین میں مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نمازیں گھروں میں ادا کریں اور اس ہدایت کی سختی سے پابندی کریں- آزمائش کی گھڑی سے چھٹکارے کی دعائیں کی جائیں-محکممہ اوقاف نے کہا ہے کہ ہرفرض نماز کے وقت اذان دی جائے گی اذان بند نہیں ہوگی- موذن لوگوں سے کہے گا کہ وہ نمازیں اپنے گھروں میں ادا کرلیں۔ دریں اثنا لبنانی محکمہ امن عامہ نے جنوبی لبنان کے مشہور شہر صیدا میں شام سے آنے والے شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کی ہیں-
تفصیلات کے مطابق محکمہ امن عامہ نے صیدا شہر کے شمالی گیٹ پر شامی پناہ گزینوں کے لیے قائم الاوزائی کمپلیکس میں جراثیم کش ادویہ کا سپرے کروایا ہے۔محکمہ امن عامہ نے کہا کہ الاوزئی کمپلیس میں 174 خاندان آباد ہیں- پناہ گزینوں کی مجموعی تعداد 5965ہے- لبنانی وزارت صحت نے بیان جاری کیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 256 تک پہنچ گئی ہے- اتوار کے مقابلے میں پیرکو مزید آٹھ افراد کا اضافہ ہوا ہے-دوسری جانب فلسطین سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیر کو کورونا وائرس کا کوئی نیا مریض منظر عام پر نہیں آیا۔