حیدرآباد ۔ تلگو فلموں کے مشہور اداکار پاون کلیان کی سیاسی جماعت جنا سینا بی جے پی کی حمایت کے لئے جی ایچ ایم سی انتخابات سے دستبردار ہوگئ ہے۔ جنا سینا پارٹی نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں حصہ لینے سے دستبردار ہوکر بی جے پی کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ پارٹی کے امیدواران کاغذات نامزدگی واپس لیں گے۔ مرکزی وزیر برائے داخلہ امور جی کشن ریڈی اور بی جے پی او بی سی مورچہ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن بی جے پی کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے بعدیہ فیصلہ لیا گیا ہے جنا سینا کے سربراہ پاون کلیان نے کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے ساتھ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں عالمی معیار کے شہر میں تبدیل ہوگا ۔ حیدرآباد شہر میں مضبوط قیادت کی ضرورت ہے لہذا پارٹی بی جے پی کو مکمل حمایت فراہم کرے گی ۔
جنا سینا اور بی جے پی کے درمیان تبادلہ خیال حیدرآباد میں جنا سینا کے سینئر رہنما نڈینڈلا منوہر کی رہائش گاہ پر ہوا۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلے میں حیدرآباد میں موجودہ حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاون کلیان نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کی فتح کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جنا سینا پارٹی کیڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ جنا سینا کے ووٹ بی جے پی کے علاوہ کسی اور پارٹی میں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات اورآئندہ انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ پارٹی کے فیصلے سے ان کی پارٹی امیدوار مایوس ہوسکتے ہیں۔ تاہم لوگوں کی ترقی کی خاطر مقابلہ سے دستبردار ہونے کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ ناگزیر حالات میں کیا گیا تھا۔ اپنی پارٹی کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ تبدیلی لانے کے لئے بی جے پی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ اداکار نے کہا میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے بات کروں گا۔ انہیں پارٹی کے فیصلے سے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔