نئی دہلی۔ چیف الیکشن کمشنر اوم پرکاش راوت نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ تلنگانہ اور راجستھان کی اسمبلیوں کے لئے انتخابات 7 دسمبر کو منعقد ہوں گے جبکہ مدھیہ پردیش اور میزورم میں 28 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔ پانچویں ریاست چھتیس گڑھ کی اسمبلی کے لئے دو مرحلوں میں 12 نومبر اور 20 نومبر کو انتخابات ہوں گے۔تمام پانچ ریاستوں کے انتخابات کی رائے شماری 11 دسمبر کو ہوگی۔مسٹر راوت نے کہا کہ جن ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں وہاں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ فوری اثر کے ساتھ ہوگا۔چھتیس گڑھ اسمبلی کی میعاد 5 جنوری 2019 کو ختم ہورہی ہے جبکہ مدھیہ پردیش اسمبلی کی 7 جنوری کو، راجستھان اسمبلی کی 20 جنوری 2019 کو اور میزورم اسمبلی کی 15 دسمبر 2018 کو ختم ہورہی ہے۔ تلنگانہ میں 2019 کے وسط میں انتخابات ہونا تھا تاہم چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کابینہ نے گذشتہ ماہ اسمبلی کی تحلیل کی قرارداد منظور کی تھی جس کے نتیجہ میں یہاں بھی انتخابات ناگزیر ہوگئے ہیں۔چیف الیکشن کمیشن مسٹر راوت نے کہا کہ کرناٹک کے اسمبلی حلقہ جات شموگہ، بیلاری گاور مانڈیاکے لئے رائے دہی 3 نومبر کو ہوگی۔ تلنگانہ میں رائے دہی 7 دسمبر کو ہوگی ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آغاز 12 نومبر سے ہوگا اورآخری تاریخ 19 نومبر ہوگی۔ نامزدگیوں کی تنقیح 20 نومبر کو ہوگی اور پرچہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22 نومبر ہوگی۔ رائے شماری 11 دسمبر کو ہوگی۔