حیدرآباد۔چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہاکہ تلنگانہ میں کورونا کی تیسری لہر کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تیسری لہر کے زیادہ مہلک ثابت ہونے کے بارے میں کوئی سائنسی تحقیق نہیں ہے۔ عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تیسری لہر کے بارے میں بے فکر ہونے کے بجائے چوکسی برقرار رکھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت تیسری لہر کے آنے کی صورت میں اُس سے نمٹنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔ حکومت نے جی ایچ ایم سی اور کنٹونمنٹ کے حدود میں ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم شروع کی ہے جس کا آغاز ہوچکا ہے ۔
چیف سکریٹری نے خیریت آباد کے اولڈ سی آئی بی کوارٹرس میں واقع ٹیکہ اندازی کیمپ کا دورہ کیا۔ اُنھوں نے میڈیکل عملہ اور عوام سے ملاقات کی۔ حکومت گریٹر حیدرآباد اورکنٹونمنٹ حدود میں صد فیصد ٹیکہ اندازی یقینی بنانے کے لئے پیر سے مہم کا آغاز کرچکی ہے جس کے تحت آئندہ 10 تا 15 دنوں تک گھر گھر پہونچ کر سروے کیا جائے گا۔ سومیش کمار نے کہا ہے کہ شہر میں 4846 کالونیوں میں ایسے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے جنھوں نے ابھی تک ٹیکہ نہیں لیا ہے ۔ ہر محلہ کے لئے ٹیکہ اندازی کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ جن مکانات میں ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے اُن پر 2 اسٹیکر چسپاں کئے جائیں گے۔
سومیش کمار نے کہاکہ خصوصی مہم کے سبب کئی افراد ٹیکہ اندازی کے لئے رضاکارانہ طور پر مراکز پہونچ رہے ہیں۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ غلط فہمیوں اور ڈر کے نتیجہ میں کئی افراد نے ویکسین نہیں لی ہے ۔ چیف سکریٹری نےکہا ہے کہ ٹیکہ اندازی مکمل کرنے والی کالونیوں میں خصوصی بورڈ آویزاں کئے جائیں گے۔ آئندہ 15 دنوں میں ہر شخص کو کم از کم ویکسین کی ایک خوراک دینے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ٹیکہ اندازی مہم کی تکمیل کے بعد ریاست بھر میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں ٹیکہ اندازی کے لئے اس طرح کی مہم کی اطلاعات نہیں ہیں۔