Wednesday, April 23, 2025
Homesliderتلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک اب خود مرکز نے قبو ل کرلیا

تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک اب خود مرکز نے قبو ل کرلیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ بالآخر بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے جیسا کہ مرکزی حکومت نے گذشتہ 6 برسوں سے سرکاری میڈیکل کالجوں کی منظوری میں تلنگانہ  کو  مکمل طور پرنظر انداز کیا ہے۔ اس کے بالکل برعکس ٹی آر ایس حکومت نے 2014 میں نئی ریاست کے حصول کے بعد سے تلنگانہ میں پانچ نئے میڈیکل کالج قائم کیے ہیں۔

ریاستی حکومت نے باربارتلنگانہ کے بارے میں بی جے پی حکومت کے امتیازی سلوک کی نشاندہی کی ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے نظر انداز کئے جانے کے تلنگانہ ملک میں ایک ترقی پسند اور سرفہرست ریاست  کے طور پر سامنے آئی  ہے جس میں کئی شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا گیا ہے۔ میڈیکل کالج کی اجازت سے قطع نظر  مرکزی حکومت نے شہرت یافتہ ایک بھی تعلیمی ادارہ تلنگانہ  کو نہیں دیا جیسے آئی آئی آئی ٹی یا قبائلی یونیورسٹی جسے آندھرا پردیش  کی نئی ریاست بننے کے بعد ریاست میں قیام کو یقین دلایا گیا ہو۔

راجیہ سبھا میں ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ کے آر سریش ریڈی اور بی جے پی کے جی وی ایل نرسمہا راؤ کے مختلف سوالات کے جواب میں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن اور ان کے نائب اشونی کمار چوبی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مرکز کے تحت اسپانسر شدہ اسکیم (سی ایس ایس) کے تین ضلعوں میں موجودہ ضلع / ریفرل اسپتالوں کے ساتھ منسلک نئے میڈیکل کالجوں کے قیام  اور 157 نئے میڈیکل کالج قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔

اس اسکیم کے تحت ہر میڈیکل کالج کی تشکیل 189 کروڑ روپئے کی لاگت سے کی گئی ہے جس میں مرکزی حکومت کی طرف سے 90 فیصد اور باقی ریاست کی مالی اعانت ہے جبکہ مرکز نے اس اسکیم کے تحت سب سے زیادہ 27 نئے میڈیکل کالج اتر پردیش اور تین پڑوسی تلگو ریاست آندھرا پردیش کو منظور کیے لیکن  نئی بننے والی ریاست  تلنگانہ میں کسی بھی کالج کی منظوری نہیں دی گئی۔

اس کے علاوہ  اس وقت کی ریاستی حکومتوں نے اپنے عہد میں متحدہ  آندھرا پردیش میں  65 برسوں میں تلنگانہ خطے میں صرف پانچ سرکاری میڈیکل کالج قائم کیے تھے لیکن تقسیم کے بعد  ٹی آر ایس حکومت نے سوریاپیٹ ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، سدی پیٹ  اور عادل آباد میں 2014 سے پانچ نئے میڈیکل کالجس کا قیام عمل میں لایا۔ یہ سب ریاست کے تشکیل کے تین  برسوں میں مرکز کی طرف سے کسی کی حمایت کے بغیر قائم کیے گئے ہیں ۔ پچھلے تین سال میں صرف تین خانگی  میڈیکل کالجوں کو تلنگانہ میں قیام کے لئے منظور کیا گیا ہے۔ اس وقت ریاست تلنگانہ میں  34 میڈیکل کالج ہیں۔ 11 سرکاری اور 23 خانگی کالجس ہیں ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر اور وزیر کے ٹی راما راؤ نے ریاست کے ساتھ بی جے پی حکومت کے سوتیلے سلوک پر بار بار روشنی ڈالی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ پچھلے چھ سالوں میں ، مرکز نے سات ریاستوں کو سات آئی آئی ٹی ، سات آئی آئی ایم ، دو آئی آئی ایس آر ، 16 آئی آئی آئی ٹی ، چار این آئی ڈی ، 157 میڈیکل کالج اور 84 نووڈیا اسکولوں کی منظوری دی تھی لیکن ان میں سے ایک بھی تلنگانہ کے لئے منظور نہیں کیا گیا تھا۔