حیدرآباد۔ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور دارالحکومت میں ہفتہ کی شب سے وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے ۔ضلع کریم نگر کے چیگرومامڈی منڈل،ورنگل،ہنمکنڈہ،قاضی پیٹ،جئے شنکر بھوپال پلی،مُلگ اضلاع کے کئی مقامات،سدی پیٹ ضلع کے حسن آباد،کوہیڑامنڈلوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے بموجب گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ناگرکرنول ضلع کے پالیم علاقہ میں 15سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔نرمل ضلع کے خانہ پور میں 11سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔عادل آباد ضلع کے سیری کونڈا علاقہ میں 10 سنٹی میٹر بارش ہوئی۔کاماریڈی ضلع کے نظام ساگر منڈل کے حسن پلی علاقہ میں 8ملی میٹر،ضلع رنگاریڈی کے کڑتال میں 8ملی میٹر،منچریال ضلع کے جئے پور منڈل میں 8سنٹی میٹربارش ریکارڈ ہوئی۔بارش کے نتیجہ میں کالیشورم، ایلم پلی پروجیکٹس کی آبی سطح میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔
تلنگانہ کے ضلع متحدہ عادل آباد میں بارش ہوئی۔بالائی علاقوں میں ہوئی بارش کے نتیجہ میں نرمل ضلع کے کڑم پروجیکٹ کی آبی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد اس کے پانچ دروازے کھولتے ہوئے پانی کو دریائے گوداوری میں چھوڑا گیا۔اس پروجیکٹ کی مکمل سطح آب 700فیٹ ہے تاہم اس کی موجودہ سطح آب 696 فیٹ ہوگئی ہے ۔اس میں 34000کیوزک پانی کا بہاو دیکھاگیا جس کے بعد اس سے 29ہزار کیوزک پانی کو خارج کیاگیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں ہلکی سے تیز بارش کی پیش قیاسی کی ہے جبکہ حیدرآباد کے موسم کے بارے میں گمان کیا جارہاہے جہاں آئندہ چند دنوں تک ہلکی سے تیز بارش ہوگی وہیں موسم ابرآلود رہے گا۔حیدرآباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی سے تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔