حیدرآباد۔ جنوب مغرب مانسون نے تلنگانہ کے بعض حصوں میں پیشرفت کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے اپنے بلیٹن میں کہا کہ جنوب مغرب مانسون نے مکمل وسطی و شمالی بحریہ عرب کے بعض حصوں مکمل کونکن بشمول ممبئی،مہاراشٹرکے بعض دور دراز کے علاقوں،جنوبی گجرات کے بعض علاقوں،تلنگانہ،آندھراپردیش کے بعض حصوں،وسطی خلیج بنگال کے بعض حصوں اور شمالی خلیج کے بعض حصوں میں پیشرفت کی ہے ۔امکان ہے کہ جنوب مغرب مانسون بحریہ عرب کے باقی حصوں ، مہاراشٹر،گجرات کے بعض حصوں،تلنگانہ، آندھراپردیش،اوڈیشہ،چھتیس گڑھ،مدھیہ پردیش،جھارکھنڈ کے باقی حصوں،مکمل بنگال،بہاراورمشرقی اترپردیش کے بعض حصوں میں آئندہ دو تا تین دن کے دوران پیشرفت کرے گا۔مشرقی وسطی اورشمال مشرقی خلیج بنگال سے متصل علاقوں میں طوفانی گرداب سطح سمندر سے 4.5 اور5.8کیلومیٹرکی اونچائی پر ہے ۔اس کے زیراثر کم دباوکا علاقہ امکان ہے کہ شمالی خلیج بنگال اور اس سے متصل علاقوں میں 11جون کو بنے گا۔آئندہ پانچ دنوں کے دوران تلنگانہ میں بعض مقامات پرگرج وچمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے ۔ریاست کے کومرم بھیم آصف آباد، منچریال،جئے شنکربھوپال پلی میں بعض مقامات پر شدید سے شدیدترین بارش،عادل آباد، کریم نگر، مُلگ،پداپلی،بھدرادری کوتہ گوڑم، کھمم،محبوب آباد،ورنگل رورل،ورنگل اربن اور جنگاوں میں بعض مقامات پر شدید سے شدید ترین بارش کا امکان ہے ۔گزشتہ روز تلنگانہ کے کئی مقامات پر بارش ہوئی۔اعظم ترین درجہ حرارت 40ڈگری سلسیس نلگنڈہ میں گذشتہ روز درج کیاگیا۔
علاوہ ازیں ورنگل اربن ضلع میں شدید بارش ہوئی۔ضلع کے مختلف مقامات پر گرج وچمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔گوکل نگر، سمائے نگر،ہوزنگ بورڈ کالونی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس سے عوام کو شدید دشواریوں کا سامنا کرناپڑا۔کئی مقامات پر بارش کی وجہ سے ڈرینج اُبل پڑے ۔سڑک پر بارش کا پانی جمع ہونے سے کئی مقامات پر بڑے پیمانہ پر ٹریفک جام رہی۔ورنگل کے قاضی پیٹ اور ہنمکنڈہ میں بھی بارش کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔کل نصف شب سے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ نالوں پر غیرمجاز قبضوں کے ذریعہ مکانات کی تعمیر سے یہ صورتحال پیدا ہونے کی شکایت کی جارہی ہے۔