ایمبالا۔ امبالا کے قریب امبالا-چندی گڑھ قومی شاہراہ پر پیر کی صبح اس وقت پانچ افراد ہلاک ہو گئے جب دہلی جانے والی ایک خانگی لگژری بس نے سڑک کے کنارے کھڑی دو دیگر سیاحوں کی بسوں کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں 12 مسافر زخمی ہوئے اور انہیں امبالا شہر کے سیول اسپتال میں داخل کروایا گیا۔پولیس نے اس حادثہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جب صبح حادثہ پیش آیا تو بسوں میں زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ پولیس نے مزید کہا ہے کہ مرنے والوں کی شناخت جھارکھنڈ کے رہنے والے راہول (21 سالہ)، پردیپ کمار (22 سالہ ) اتر پردیش، مینا بائی (4 سالہ) چھتیس گڑھ، روہت کمار (53 سالہ) چھتیس گڑھ اور ایک نامعلوم مسافر کے طور پر ہوئی ہے۔ اس حادثے میں دو بسیں بری طرح تباہ ہوگئیں اور انہیں کرینوں کی مدد سے ہائی وے سے ہٹانا پڑا ہے۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ حادثے میں متاثر ہونے والی تینوں بسیں خانگی گاڑیاں ہیں۔ پولیس نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جموں کی طرف سے آنے والی بس اس وقت کھڑی ہوئی بسوں سے ٹکرا گئی جب اس نے دہلی کی طرف جانے والی کسی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ پولیس نے کہا ہے کہ بس کا خاطی ڈرائیور جو جموں سے دہلی بس چلا جا رہا تھا، جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، پولیس نے مزید کہا کہ نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بسوں کے حادثات کافی بڑھ چکے ہیں جیسا کہ کچھ دن قبل ایک بس ندی میں گرگئی تھی جبکہ جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھراپردیش میں ایک خانگی بس آگ لگنے سے مکمل تباہ ہوگئی تھی حالانکہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔