حیدرآباد : بھارتیہ جنتا پارٹی کے کار گذار صدر جے پی نڈ ڈا نے اتوار کے روز پارٹی کے تلنگانہ کے رہنماؤں سے ریاست میں منعقد ہونے والے شہری بلدیاتی انتخابات میں حکمت عملی اپنانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
پارٹی کے کار گزار صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تلنگانہ کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں کو دیگر جماعتوں سے بی جے پی میں شامل ہونے والوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی تلقین کی۔
بی جے پی کے ذرائع کے مطابق،نڈا نے پارٹی رہنماؤں کو بلدیاتی انتخابات سے قبل ریاست میں تنظیم کو مضبوط بنانے کے لئے رہنمایانہ مشورے دئیے۔انہوں نے ریاستی بی جے پی کے سربراہ کے لکشمن اور دیگر رہنماؤں سے کہا کہ وہ ہر سطح پر مناسب ہم آہنگی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں تمام اضلاع میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے پی ندا کا یہ دورہ بی جے پی کی ریاست میں خود کو مضبوط بنانے اور حکمران تلنگانہ راشٹر سمیتی کے متبادل کے طور پر پارٹی کو پیش کرنے کی کو ششوں کا ایک حصہ ہے۔
ریاست میں چار لوک سبھا نشستیں جیتنے کے بعد بی جے پی کا حوصلہ بلند ہے۔پارٹی نے نہ صرف سکندرآباد کی نشست بر قرار رکھی،بلکہ ٹی آر ایس سے تین نشستیں بھی حاصل کیں۔بی جے پی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ممبر شپ شروع کرنے کے لئے پچھلے ماہ حیدرآباد آئے تھے۔بی جے پی قائدین کو یقین ہے کہ 2023کے اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار میں آئے گی۔