حیدرآباد: ٹماٹر سے لے کر ہری مرچ کی قیمت تک ، شہر بھر کے ریتو بازار اوردیگر دکانات میں تیزی سے بڑھ گئیں اور شہر میں ترکاریوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔قریبی اضلاع کے کاشت کار سیزن میں نئی فصلوں کی کاشت کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں اور ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد میں فصل کی آمد کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے یہاں کی سبزی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں جاری بارش نے شہر میں ترکاریوں کی آمد کو بھی متاثر کیا ہے۔
نامناسب حالات کی وجہ سے ٹماٹر ہری مرچ ، کدو ، بھنڈی ، گاجر ، آلو اور دیگرترکاریاں سب مہنگی ہو گئ ہیں۔ اگست میں ریتو بازار میں 28 روپے کلو ٹماٹر کی قیمتوں میں مستحکم اضافہ دیکھنے میں آیا اور وہ اب 45 روپے کلو پردستیاب ہیں۔
اسی طرح ہری مرچ جو تقریبا 30 روپے فی کلو فروخت ہوتی تھی اب شہر میں 55 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔ گاجر اور آلو کی فی کلو قیمتیں بالترتیب 45 ، 35 روپے میں دستیاب ہیں۔ یہ قیمتیں ریتو بازار میں تھیں جبکہ دیگر دکانوں اور کالونی بازاروں میں ان سبزیوں کی قیمتوں میں لگ بھگ 5 سے 10 روپے فی کلو تک اضافہ تھا۔
مارکیٹنگ کمیٹی کے عہدیداروں کے مطابق زبردست بارش نے بہت سے کھیتوں کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ شہر کو سبزیوں کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں ہیں یہ دونوں چیزیں مل کر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنی ہیں۔
ایرہ گڈا ماڈل ریتو بازار کے اسٹیٹ آفیسر پی رمیش نے کہا ہے کہ دو ہفتوں کے بعد سبزیوں کی قیمتیں قابو میں ہوں گی۔ ایک بار جب اس موسم میں کاشتکار دوسری فصل کاشت کریں گے تو شہر کو خاطر خواہ ترکاری مل جائے گی ۔
علاوہ ازیں ترکاریوں میں خاص کر ٹماٹر اور ہری مرچ کی فراہمی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ایرہ گڈا ریتو بازار میں معمول کے مطابق 200 کنٹل ٹماٹر کی آمد کے برعکس صرف 100 کنٹل پر آ گئی جبکہ ہری مرچ 50 کنٹل سے گر کر 28 کنٹل ہوگئی۔
حیدرآباد کے ریتو بازاروں اور مقامی بازاروں میں رنگاریڈی ، میڈچل ، میدک ، شیویلا ، وقارآباد اور دوسرے علاقوں سے ترکاریوں کی فراہمی کی جاتی ہے اور ان علاقوں سے بھی ترکاریوں کی آمد میں کمی سے شہرحیدرآباد میں ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔