Thursday, April 24, 2025
Homeبین الاقوامیحیدرآبادی خاتون پروفیسر غزالہ نے امریکہ میں تاریخ بناڈالی

حیدرآبادی خاتون پروفیسر غزالہ نے امریکہ میں تاریخ بناڈالی

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ صرف4 سال کی عمر میں حیدرآباد سے امریکہ نقل مکانی کرنے والی پروفیسر غزالہ ہاشمی نے امریکہ میں ایک ایسی تاریخ رقم کی ہے جس پر ہندوستان فخرکر رہا ہے۔ پروفیسر غزالہ اپنی پہلی ہی کوشش میں ورجینیا کی سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں اور یہ کارنامہ انجام دینے والی وہ پہلی مسلم خاتون ہیں۔ گویا کہ اس سے قبل کوئی بھی مسلم خاتون امریکہ کے ورجینیا ریاست کی سینیٹر منتخب نہیں ہوئی تھی۔

دہائیوں سے ورجینیا پر ریپبلکن کا قبضہ تھا لیکن منگل کو ڈیموکریٹ پروفیسر غزالہ ہاشمی نے ریپبلکن کو اقتدار سے باہرکا راستہ دکھا دیا۔ غزالہ کے لیے یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ انھوں نے اپنی پہلی ہی کوشش میں گلین اسٹرٹیوانٹ کو شکست دے دی۔ اپنی فتح کے بعد غزالہ نے کہا کہ یہ صرف میری فتح نہیں ہے۔ یہ ان سبھی لوگوں کی فتح ہے جو یہ مانتے ہیں کہ یہاں ورجینیا میں کچھ تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ یہ ان سبھی لوگوں کی فتح ہے جو یہ مانتے ہیں اور مجھ پر یقین کرتے ہیں کہ میں ان کی آواز اٹھا سکتی ہوں۔

پروفیسر غزالہ کی کامیابی کے بعد سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے کافی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ورجینیا کے لیے اچھا قدم ثابت ہوں گی۔ کئی دیگر بڑی ہستیوں نے بھی ڈیموکریٹ غزالہ کی کامیابی کو قابل قدر بتاتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کیں۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ پروفیسر غزالہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سخت مخالف تصورکی جاتی ہیں۔ غزالہ نے خود ایک بیان میں کہا ہے کہ جس وقت صدر ڈونالڈ ٹرمپ مسلم طبقہ کے خلاف زہر اگل رہے تھے، تب مجھے لگتا تھا کہ کیا وہ کبھی اس ملک کو اپنا گھر بھی مان سکیں گی۔ آج جب وہ ورجینیا کی سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں تو ان کی پوری توجہ اس علاقے کی فلاح و بہبود اور ترقی کی طرف ہے۔ پروفیسر غزالہ بہت کچھ کرنا چاہتی ہیں اور یہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ ورجینیا کے لوگوں نے ان سے جو امید کی ہے اس پر وہ کھری اتریں گی۔