Monday, June 9, 2025
Homeتازہ ترین خبریںدارالعلوم دیوبند نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان...

دارالعلوم دیوبند نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے بیان کا خیر مقدم کیا

- Advertisement -
- Advertisement -

مظفر نگر: معروف اسلامی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے ہجومی تشددپر پابندی عائد کرنے کے بیان کی تعریف کی ہے۔جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر آر ایس ایس کے رضاکار کسی بھی قسم کے تشدد میں ملوث پائے جاتے ہیں توتنظیم ان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔

اس بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دارالعلوم کے وائس چانسلر مولانا ابولقاسم نعمانی نے چہارشنبہ کے روز میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ”ہجومی تشدد (ماب لنچنگ) سے متعلق آر ایس ایس کے سربراہ کے بیان کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے،لیکن،صرف ایسے واقعات کی مذمت کرنا اور ان کی حمایت نہ کرنا کافی نہیں ہے۔ماب لنچنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے ایک مناسب قانون کی ضرورت ہے۔

جمعیت علمائے ہند (جے یو ایچ) کے سربراہ مولانا سید ارشد مدنی۔جنہوں نے حال ہی میں آر ایس ایس رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی اور ہجومی تشدد سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا تھا،نے بھی آر ایس ایس کے سر براہ کے اس اعلان کی تعریف کی ہے۔

مولانا مدنی نے کہا کہ ”یہ سن کر اچھا لگا۔میرے خیال میں وہ ہمارے ذریعہ اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا اور آر ایس ایس کے سربراہ نے جو کہا وہ اچھا ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

واضح ہو کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے منگل کو کہا تھا کہ ”ان کی تنظیم ہر طرح کے تشدد کے خلاف ہے اور اس کے رضاکار (سویم سیوکس)ایسے واقعات کو روکنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔آر ایس ایس کے سربراہ نے غیر ملکی صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی رضاکار (سویم سیوک) قصووار پایا جاتا ہے تو ہم اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔