Thursday, April 24, 2025
Homesliderدس منٹ کے انکاؤنٹر میں دوبے ڈھیر ہوگیا

دس منٹ کے انکاؤنٹر میں دوبے ڈھیر ہوگیا

- Advertisement -
- Advertisement -

کانپور: اترپردیش کے کانپور میں گینگسٹر وکاس دوبے کو یوپی ایس ٹی ایف نے انکاؤنٹر کے ذریعہ موت کی نیند سلادی ہے ۔ دراصل اجین سے گرفتار وکاس دوبے کو یوپی ایس ٹی ایف تین گاڑیوں سے تقریبا 700 کلومیٹر دور کانپور لا رہی تھی۔ یہاں کانپور دیہات میں اچانک ایس ٹی ایف کی وہ گاڑی حادثہ کا شکار ہو ئی جس میں وکاس دوبے سوارتھا ۔ اس کے بعد شروع ہوا انکاونٹر جو دس منٹ بعد ہی وکاس دوبے کی موت اور چار سپاہیوں کے زخمی ہونے کے طور پرختم ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی اور اسپتال کے ڈاکٹروں نے وکاس دوبے کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ کانپور کے آئی جی موہت اگروال نے بھی گینگسٹر وکاس دوبے کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔

کانپور کے ایس ایس پی دنیش کمار پربھو نے کہا ہے  کہ ایس ٹی ایف کی گاڑی حادثہ کا شکار ہوئی تھی۔ اس دوران ملزم وکاس دوبے نے کار میں سوار پولیس عہدیدار کی پستول چھین کر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کی۔ اسی درمیان ایس ٹی ایف کی دوسری گاڑیاں پہنچ گئیں اور پولیس کی جوابی فائرنگ میں وکاس دوبے کو گولی لگی۔ اس کارروائی میں چار پولیس عہدیدار زخمی ہوئے ہیں، ان میں ایک انسپکٹر، ایک اے ایس آئی اور دو سپاہی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ یوپی ایس ٹی ایف وکاس دوبے کو اجین سے لے کر چلی تھی اورصبح تقریبا 7.15 کانپور کے بررا تھانہ علاقے میں ایس ٹی ایف کی کار حادثہ کا شکار ہوکر پلٹ گئی ۔
جب تک ایس ٹی ایف قافلے میں شامل بقیہ دو گاڑیاں رکتیں، تب تک حادثہ کی شکار کار سے وکاس دوبے نکلا اور پستول لے کر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگنے کی کوشش کرنے لگا۔ایس ٹی ایف کے جوانوں نے مستعدی دکھاتے ہوئے مورچہ سنبھالا اورپولیس عہدیدار اس کے پیچھے بھاگے۔
بعد ازاں دونوں طرف سے فائرنگ ہوئی ۔وکاس دوبے کو گولی لگی، کئی پولیس عہدیدار  بھی زخمی ہوئے۔7.25 پر انکاونٹر ختم ہوا۔وکاس اور پولیس عہدیداروں کو دواخانہ منتقل کیا گیا  جہاں  ڈاکٹروں نے وکاس دوبے کو مردہ قرار دیا اورآئی جی اور ایس ایس پی نے بھی گینگسٹر کے مارے جانے کی تصدیق کر دی۔

خیال رہے کہ 2 جولائی کی رات ، وکاس اور اس کے ساتھیوں نے کانپور کے چوبے پور کے بکرو گاؤں میں 8 پولیس عہدیداروں  کو گولی مار کر ہلاک کردیاتھا ۔ اس سلسلے میں پولیس اب تک وکاس کے پانچ ساتھیوں کو ڈھیر کر چکی ہے۔ وکاس کو گزشتہ روز اجین کے مہاکالیشور مندر سے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس ٹیم چارٹر ہوائی جہاز سے اسے لینے کے لئے اجین گئی تھی، لیکن اسے سڑک کے راستے واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا جس پر سوالیہ نشان ہے۔