ٹوکیو ۔ زندگی کے سفر میں ہرکوئی اپنا ہم سفر تلاش کرتا ہے لیکن دنیا کے 18 ویں امیر ترین شخص کوچاند پر ساتھ چلنے کےلئے ایک ہم سفر کی ضرورت ہے جس کےلئے باضابطہ طور پر ایک آن لائن درخواست بھی دی گئی جس کے جواب میں اب تک 20 ہزار لڑکیوں نے اپنے نام پیش کئے ہیں۔
تفصیلات کے بموجب یوساکو مائیجاوا جاپان کے 18 ویں سب سے امیر شخص ہیں اور انہوں نے 12 جنوری 2020 کو ایک آن لائن درخواست فارم جاری کیا تھا۔ فارم کے مطابق اپنے ساتھ مون فلائٹ ( چاند کی سیر ) پر جانے کیلئے انہیں گرل فرینڈ کی تلاش ہے حالانکہ گرل فرینڈ بننے کیلئے ان کے پاس اب تک ایک دو نہیں بلکہ 20 ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
جاپان کے فیشن ٹائیکون کہے جانے والے یوساکو مائیجاوا کے ساتھ چاند پر جانے کیلئے 20 ہزارلڑکیاں تیار ہیں۔ دراصل 2023 میں ایلن ماسک کے پروجیکٹ کی پہلی اسپیس فلائٹ کیلئے انہیں ایک خاتون ساتھی کی تلاش ہے اور حال ہی میں وہ ایک جاپانی اداکارہ کے ساتھ اپنے بریک اپ کا اعلان کرچکے ہیں۔
یوساکو پہلے ایسے شخص بھی ہوں گے جو اسٹارشپ راکیٹ پر چاند کے قریب سفر کریں گے حالانکہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ انہوں نے ایسا دلچسپ اعلان کیا ہو۔ اس سے پہلے بھی وہ ایک سماجی تجربہ کرنے کیلئے 90 لاکھ ڈالر کی رقم اپنے ایک ہزار فالوورس کو دئے جانے کا اعلان کرکے سرخیوں چھا گئے تھے۔
غور طلب ہے کہ یوساکو نے 2004 میں ایک فیشن ویب سائٹ لانچ کی تھی حالانکہ گزشتہ سال انہوں نے اپنی آن لائن فیشن کمپنی میں سے 30 فیصد حصہ داری فروخت کرکے اس کے سی ای او کے عہدہ سے استعفی دیدیا تھا۔ اس وقت یوساکو نے کہا تھا کہ 2023 کی مون فلائٹ کی وجہ سے انہوں نے اپنے عہدہ سے استعفی دیا ہے۔اس وقت یوساکو کی عمر 44 سال ہے مگر انہوں نے اپنی ساتھی بننے کیلئے بھی یہ ضروری شرط رکھی ہے کہ وہ 20 سال سے زیادہ عمر کی ہو۔
وہ سنگل خواتین کی درخواستیں قبول کررہے ہیں ، جنہیں کھل کر زندگی کا لطف لینا ہو اورخلائی سفر میں اس کی دلچسپی بھی ہو۔ وہ اپنے ساتھ چلنے کیلئے دیگر لوگوں کو بھی مدعو کریں گے ، لیکن ایک سیٹ انہوں نے اپنی پارٹنر کیلئے مختص کی ہے۔