اوسلو ۔ سوشل میڈیا پر ان دنوں 2 فیٹ قد والے شخص کی ایک عام قد کی حسین خاتون سے شادی کے چرچے ہیں اور اس کا ویڈیو کافی تیزی سے مقبولیت کی منزلیں طے کررہا ہے۔ ناروے میں رہائش پذیر پاکستانی شخص برہان چشتی کی شادی وائرل ہوچکی ہے، جس میں وہ ایک پنجابی گانے پر رقص کرتے نظر آئے۔ وائرل ہونے کی وجہ بھی سمجھ میں آتی ہے کیونکہ برہان چشتی جن کو بوبو کی عرفیت سے زیادہ جانا جاتا ہے، ان کا قد صرف 2 فٹ ہے جبکہ ان کی دلہن عام قدوقامت رکھتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برہان چشتی پولیو کا شکار اور وہیل چیئر تک محدود ہیں، لیکن اس سے ان کی زندگی کو کوئی فرق نہیں پڑا۔ناروے کی صدر مقام اوسلو میں ہوئی شادی کی تقریبات کی ویڈیو میں دلہا اپنے دوستوں کے ہاتھوں میں رقص کررہے ہیں جبکہ وہ دلہن فوزیہ کے ساتھ سیلفی بھی لے رہے ہیں۔
جوڑا تقریب میں ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آیا تھا جس دوران برہان چشتی الیکٹرک وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے تھے۔شادی کی تقریب میں 13 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تھی جس کی وجہ برہان چشتی کا سوشل میڈیا پر متحرک ہونا ہے اور ان کے جاننے والے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کی دلہن فوزیہ نے کہا ہےکہ وہ بوبو سے محبت کرتی ہیں اور اپنے شوہر کا نام انہوں نے اپنے ہاتھ میں لکھوایا ہوا ہے۔
بوبو کے مداح کم از کم 13 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور اوسلو میں ان کی شادی کی تقریبات میں شریک بھی ہوئے۔اپنی معذوری سے ہٹ کر برہان چشتی پرتعیش طرز زندگی گزارتے ہیں اور متعدد کاروبار چلاتے ہیں جن میں بوبو اسٹائل ایونٹ، سوٹس اور منیجمنٹ وغیرہ بھی شامل ہیں۔وہ اکثر پاکستانی اور ہندوستانی اسٹارز کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کرتے رہتے ہیں اور وہ ناروے میں سلمان خان کی بینگ ہیومین کی مہم کا بھی حصہ ہیں۔انہوں نے 2017 میں بیسٹ انسپائرشنل پرسن کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ایک پاکستانی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری محبت کی شادی ہے اور ہم خوش خرم جوڑا بننے کی کوشش کریں گے۔