Wednesday, April 23, 2025
Homesliderدولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین ٹی20کرکٹ پہلی مرتبہ شامل

دولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین ٹی20کرکٹ پہلی مرتبہ شامل

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔2022برمنگھم دولت مشترکہ کھیلوں میں خواتین ٹی20کرکٹ ٹورنمنٹ 29جولائی سے 7 اگست تک ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دولت مشترکہ کھیلوں کے آرگنائزروں نے اس کا اعلان کیا۔منتظمین کے مطابق 8 ٹیموں کے گروپ مرحلہ کے میچ 4 اگست تک ہوں گے جبکہ 6 اگست کو سیمی فائنل مقابلے کھیلے جائیں گے ۔ برونز میڈل کا میچ 7 اگست کو کھیلا جائے گا اور اسی دن فائنل ہوگا۔

منتظمین نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ 11 دنوں کی تیراکی اور غوطہ خوری کے ساتھ، آٹھ دن کرکٹ، آٹھ دن جمناسٹک اورسات دن ایتھلیٹکس مقابلے ہوں گے ، جن میں میراتھن بھی شامل ہے ۔اطلاع کے مطابق آسٹریلیا، ہندوستان، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، میزبان انگلینڈ اور ایک کیربیائی ملک نے اس ٹورنمنٹ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ انگلینڈ کو چھوڑکر کوالیفائی کرنے والے دیگر ممالک کا فیصلہ یکم اپریل2021 تک کی ٹی20 درجہ بندی کی بنیاد پرکیا گیا ہے ۔

خیال رہے کہ یہ صرف دوسری مرتبہ ہوگا جب کرکٹ کو دولت مشترکہ کھیلوں میں شامل کیا گیا ہے اور اس میں خواتین کا ٹی20ٹورنمنٹ بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے مردوں کی 50اوور کا ٹورنمنٹ 1998میںکوالالمپور دولت مشترکہ کھیلوں کا حصہ تھا۔ 28جولائی سے آٹھ اگست تک منعقد ہونے والے 2022دولت مشترکہ کھیلوں میں 72ممالک کے 4500ایتھلیٹ حصہ لیں گے ۔ اس دوران 19کھیلوں میں مقابلے ہوں گے اور خواتین کے لئے مرد ایتھلیٹ کے مقابلہ میں زیادہ میڈل مقابلے ہوں گے ۔