نئی دہلی ۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے پارٹی کے ایک نمائندہ وفدکو شمال مشرقی دہلی کے فساد زدہ علاقوں کا دورہ کر حالات کا جائزہ لینے کے لیے کہا ہے۔ اس 5 رکنی وفد میں مکل واسنک، شکتی سنگھ گوہل، کماری شیلجا، طارق انوراور سشمتا دیو شامل ہیں۔ پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نمائندہ وفد متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ کانگریس صدر کو سونپے گا۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے کانگریس کا ایک نمائندہ وفد جمعرات کو صدر جمہوریہ سے ملا تھا جس میں سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی شامل تھے۔ صدر جمہوریہ سے ملنے کے بعد سونیا گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے وزیر داخلہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ دہلی میں بھڑکے تشدد کو وزیر داخلہ روکنے میں ناکام رہے۔ شمال مشرقی دہلی میں تشدد بڑھتاگیا اور لوگوں کی جانیں جاتی رہیں۔ 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہو ئے اور حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی۔ ہم نے صدر جمہوریہ سے وزیر داخلہ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ صدر جمہوریہ ضروری قدم اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ دہلی تشدد میں اب تک 42 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور 200 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔