ممبئی۔ مہاراشٹر کے رتناگری میں تورے ڈیم ٹوٹنے سے اس کے آس پاس زبردست تباہی کے مناظر ہیں۔ ڈیم ٹوٹنے کے بعد کم و بیش 24 افراد لاپتہ ہیں اور 2 لوگوں کی لاش برآمد ہو چکی ہے۔ اس تباہی میں ڈیم کے نزدیک کے 7 گاؤں غرقاب ہو چکے ہیں اور وہاں سیلاب کا نظارہ ہے۔ انتظامیہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت و بچاؤ کام جاری ہے۔یاد رہے کہ ممبئی میں گزشتہ دو دن سے مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے مہاراشٹرا میں عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ مہاراشٹرا میں بارش کے قہر نے پہلے ہی 31 جانیں لے لی ہے جن میں 18 اموات ممبئی میں دیوار منہدم ہوجانے سے ہوئی ہیں جبکہ حکام نے شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں چھٹی کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔ موسلاھار بارش نے چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کو بھی ایم ایل ایز کیلئے نئی بلڈنگ کی تعمیر کی سنگ بنیاد تقریب کے اپنے پروگرام کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔ ممبئی کے شمالی مضافات ملاڈ میں منگل کی صبح بھاری بارش کے نتیجے میں ایک دیوار گرجانے سے اٹھارہ افراد ہلاک اور زائد از 50 دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی طرح پونے میں چھ مزدور پیر کی رات دیر گئے امبے گاؤں علاقہ میں دیوار گرجانے سے فوت ہوئے اور تین دیگر کو زخم آئے۔ پونے میں اسی طرح کے واقعہ میں مزید چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔