ممبئی۔بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کی جانب سڑک کے کنارے محو خواب افراد کو ٹکر دینے کامقدمہ ہنوز عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے اب ا نکی فلم پارٹنر میں کام کرچکے رجت بیدی نے بھی اپنے ساتھی کی طرح ایک شخص کو ٹکر دی ہے اور وہ دواخانے میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جس کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے بموجب نواحی علاقے اندھیری میں بالی وڈ اداکار رجت بیدی کی گاڑی سے سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا پیدل چلنے والا علاج کے دوران چل بسا۔ ایک عہدیدار نےکہا کہ دیر رات زخمی متاثرہ شخص کی موت کے بعد ڈی این نگر پولیس نے اداکار کے خلاف درج ایف آئی آر میں تعزیرات ہند کی دفعہ 304 اے (غفلت سے موت کی وجہ) شامل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداکار کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ حادثے کا شکار ایک مزدور راجیش بودھ کو کوپر دواخانہ میں مردہ قرار دیا گیا جہاں وہ گزشتہ دو دنوں سے زیر علاج تھا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام اندھیری کے ایک مندر کے قریب پیش آیا جب اداکار گھر جا رہا تھا۔ پیدل چلنے والا جو کہ نشے کی حالت میں تھا اچانک سڑک کے بیچ میں آیا اور اداکار کی گاڑی سے ٹکرا گیا اس سے پہلے کہ وہ بریک لگائے۔
پولیس نے کہا ہے کہ اداکار زخمی شخص کو قریبی کوپردواخانہ لے گیا اور پھر ڈی این نگر پولیس اسٹیشن گیا جہاں اس نے اس واقعہ کے بارے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس عہدیدار کو آگاہ کیا۔ پولیس نے اداکار کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 279 (جلدیبازی میں ڈرائیونگ) اور 338 (زندگی کو خطرے میں ڈالنے یا دوسروں کی ذاتی حفاظت کو شدید نقصان پہنچانے) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ بیدی نے کئی فلموں میں کام کیا ہے ، جن میں ہریتک روشن کی فلم کوئی … مل گیا اور پارٹنر قابل ذکر ہیں ، جس میں سلمان خان ہیرو ہیں ۔