آکلینڈ ۔ فاسٹ بولر نیل ویگنر نے نیوزی لینڈ کا پہلا کرکٹ ٹسٹ زخمی پیر کے ساتھ پاکستان کے خلاف کھیلا مکمل کیا تھا لیکن وہ دوسرا ٹسٹ نہیں کھیل پائیں گے اور انہیں اس زخم سے مکمل صحت یابی کےلئے 6ہفتوں کا وقت درکار ہے ۔ واگنر کو ماؤنٹ مائونگنئی میں پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی گیند لگی تھی جس کی وجہ سے ان کے دہنے پیر پر دو فریکچر آئے ہیں۔ زخمی ہونے کے باوجود ویگنر نے پاکستان کی پہلی اننگز میں 21 اور دوسری میں 28 اوور کی بولنگ کی تھی ۔ دوبارہ بولنگ میں واپس آنے سے قبل انہوں نے دردکم کرنے والے انجکشن بھی لئے تھے ۔ دوسری اننگز میں انہوں نے گیارہ اوور س کا میراتھن اسپیل کرتے ہوئے دو اہم وکٹیں حاصل کیں اور اس مقابلے میں نیوزی لینڈ نے 101 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ ویگنر کو اتوار کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کےلئے ٹیم سے خارج کر دیا گیاہے اور ممکنہ طور پرصحت یاب ہونے سے قبل انہیں چھ ہفتے آرام کرنا پڑے گا۔
دریں اثنا پاکستانی کپتان محمد رضوان زخمی ہونے کے باوجود پہلے ٹسٹ میں بولنگ جاری رکھنے کی ویگنر کی کوششوں پر بھر پور پزیرائی کی۔ رضوان نے کہا میں نیل ویگنر کی وضاحت نہیں کرسکتا۔ زخمی پیر کے ساتھ لگاتار گیارہ اوور کرنا مشکل ترین کام ہے وہ ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں ۔ ان کا جارحانہ مزاج ان کے مظاہروں کی خوبصورت ہے۔ وہ ایک بڑے بولر ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن جو پہلے ٹسٹ میں مین آف دی میچ رہے انہوں نے ویگنر کی ہمت اور لگن کی تعریف کی۔ کین نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد ہر کوئی ویگنر کی ہمت اور ان کے بڑے دل کی بات کررہا ہے لیکن کسی کو انکی ٹوٹی ہوئی انگلیوں اور اس کی تکلیف کا اندازہ نہیں ہے ۔اس مقابلے میں ہم ویگنر کو درد کم کرنے کے انجکشن لگواکر بولنگ ڈلوارہے تھے اور جب انجکشن کا اثر رہتا تب ہم نے ان سے بولنگ کروائی ۔ یہ ایک انوکھا تجربہ تھا اور خاص کر ویگنر کےلئے ۔