Thursday, April 24, 2025
Homesliderسرینا کو بہتر شروعات کے باوجود وکٹوریہ کے خلاف شکست ،اوسکا سے...

سرینا کو بہتر شروعات کے باوجود وکٹوریہ کے خلاف شکست ،اوسکا سے فائنل

- Advertisement -
- Advertisement -

نیویارک: یوایس اوپن کے دوسرے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سرینا ولیمز کو وکٹوریہ آزارینکا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی حالانکہ انہوں نے پہلا سٹ باآسانی اپنے نام کرلیا تھا۔ وکٹوریہ نے  پہلے سٹ گنوانے کے باوجود سرینا ولیمز کو تین سٹوں پر مشتمل سنسنی خیز سیمی فائنل میں شکست دی۔ بیلاروس کی اسٹار کھلاڑی وکٹوریہ  نے آرتھر ایشے اسٹیڈیم کی بند چھت کے نیچے 1 گھنٹہ 56 منٹ طویل مقالبے میں 1-6 ، 6-3 ، 6-3 سے سرینا کو مات دی۔

وکٹوریہ اب ہفتہ کے فائنل میں جاپان کی نومی اوساکا کا مقابلے کریں گی۔ وکٹوریہ کا یہ تقریباً 7 برسوں میں پہلا گرانڈ سلام فائنل ہوگا کیونکہ 2013 میں ولیمز نے یو ایس اوپن کے فائنل میں وکٹوریہ کو شکست دی تھی۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وکٹوریہ نے کہا کہ میں اس موقع کے لئے بے حد مشکور ہوں۔ میں بہت شکرگزار ہوں کہ سیمی فائنل میں اس طرح کے چیمپین کے خلاف مقابلے کا موقع ملا۔

دو مرتبہ کی  گرانڈ سلام فاتح وکٹوریہ نے گرانڈ سلام میں اس سے قبل کبھی بھی سرینا ولیمز کو شکست نہیں دی تھی اور اس مرتبہ بھی سیمی فائنل میں ایسا لگ رہا تھا کہ وہ پہلے سٹ میں  6-1 سے شکست کھا جانے کے بعد ایک اور شکست   کی طرف جارہی ہے۔

لیکن 31 سالہ وکٹوریہ نے اپنی سرویس کو بہتر بناتے ہوئے حریف کے خلاف نہ صرف زیادہ جارحانہ کھیل پیش کرنا شروع کیا بلکہ اپنی ازخود غلطیوں پر بھی قابو پانا شروع کیا ۔بیلاروس سے تعلق رکھنے والی وکٹوریہ کو 2012 کے یو ایس اوپن میں بھی ولیمز کے خلاف اس وقت بھی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جب انہوں ے تیسرے سٹ میں 5-5 سے میچ برابر  کرنے کے باوجود 7-5 سے شکست کھائی۔

وکٹوریہ دسمبر 2016 میں ماں بنی اور پھر حالیہ برسوں میں ان کے بیٹے کو اپنی  حراست میں لینے  کی قانونی لڑائی نے ان کے کیریئر کو متاثر کیا لیکن انہوں نے یوایس اوپن میں شاندار واپسی کی ہے اور سرینا کے خلاف توقع کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔

دوسری جانب اس شکست نے ولیمز کی مارگریٹ کورٹ کے 24 گرانڈ سلام سنگلز خطابات کے ریکارڈ کو برابر کرنے کی امید کو امید ہی بنادیا ہے۔سرینا کو اب اگلے گرانڈ سلام کا انتظار کرنا پڑے گا۔قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں جاپان کی ناؤمی اوساکا نے  مقامی کھلاڑی امریکی ٹینس اسٹار جینفر براڈی کو سخت ترین اور تین سٹوں پر مشتمل مقابلے میں 7-6,3- 6,6-3 سے شکست دی۔