ریاض ۔ سعودی عرب اور امریکہ کی بحری افواج کے اشتراک سے خلیج عرب میں مشترکہ مشقیں میرین ڈیفنڈر کا آغاز ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی شاہی بحری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی اور امریکی سینٹرل کمانڈ میں پانچویں میرین فلیٹ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جیمز ملوئی نے مشرقی فلٹ میں کنگ عبد العزیز بحری مرکز پر مشترکہ سمندری مشقوں میرین ڈیفنڈر کا افتتاح کیا۔
اس مشق کے دوران سعودی رائل بحریہ کے کمانڈر اسٹاف لیفٹیننٹ کرنل فہد الغفیلی امریکی پٹرولنگ کشتی پر(ایم کے وی آئی) کے ساتھ پانچویں فلیٹ کمانڈر جیمز ملوی کے ساتھ موجود تھے۔انہیں مشقوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کی گئی ۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان مشقوں کے منتظم بریگیڈیئر جنرل محمد بن حمید الغامدی نے وضاحت کی کہ میرین ڈیفنڈر کا مقصد سمندری تحفظ کو بڑھانا ، علاقائی پانیوں کی حفاظت کرنا اور فوجی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے سعودی رائل بحریہ اور امریکی بحریہ کے مابین جنگی تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔ ان مشقوں میں شریک فریقوں کو دفاعی موضوعات پر لیکچرز بھی دیئے جائیں گے۔خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے سعودی عرب نے امریکہ کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔