حیدرآباد ۔ سنتور وومنس اسکالر شپ کے چوتھے ایڈیشن کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے اور اب اس اسکالر شپ کے حصول کیلئے 31 اگست تک وہ طالبات درخواست دی سکتی ہیں جن کا تعلق ریاست تلنگانہ، آندھراپردیش اور کرناٹک سے ہو۔ سنتور وومنس اسکالر شپ کی شرائط کو کسی قدر سخت بنایا گیا ہے کیونکہ ایسی ہی طالبات اس اسکالر شپ کے حصول کی اہل ہوں گی جنہوں نے سرکاری اسکول اورکالجوں سے دسویں اور بارہویں جماعتوں کا امتحان کامیاب کیا ہو اور سرکاری ڈگری کالج میں داخلہ لیا ہے۔ وپرو کنزیومرکیر اورلائٹنگ نے سنتور وومنس اسکالر شپ پروگرام کا آغاز وپروکیر کے ساتھ آندھراپردیش، تلنگانہ اورکرناٹک میں 2016ءمیں کیا ہے۔
اس اسکالر شپ کے تحت مذکورہ تینوں ریاستوں میں ہر سال 900 طالبات کو اسکالر شپ فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی گریجویشن کی تعلیم بناءکی رکاوٹ کے مکمل کریں۔ جو طالبات اس اسکالرشپ کیلئے اہل قرار دی جاتی ہیں انہیں ہر تعلیمی سال کیلئے 24 ہزار روپئے کا مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ اسکالر شپ سے حاصل ہونے والی رقم کو طالبات ٹیوشن فیس اور دیگر تعلیمی اخراجات پر خرچ کرسکتی ہیں۔ 2016ءمیں جب یہ اسکالر شپ شروع کی گئی تب سے اب تک 2700 طالبات نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے اور اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کی ہے۔